Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح

حج ہاوز میں ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح

عازمین کی سہولیات کے لیے بہتر سے بہتر انتظامات ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9۔ اگست (سیاست  نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ کا حج ہاؤز میں افتتاح کیا۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے اس کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے جو تین دن تک جاری رہے گا۔ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمرجلیل ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور ، سنٹرل حج کمیٹی کے رکن طیبہ آفندی اور مقامی عوامی نمائندے شریک تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے حج کیمپ کیلئے موثر انتظامات کئے ہیں اور گزشتہ سال سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی میں سنجیدہ ہیں اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جاریہ سال حج انتظامات کیلئے حکومت نے دو کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 42 محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کیمپ اور حج ٹرمنل کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے کیمپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور عہدیدار دن رات محنت کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کو مسلم دوست چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔

 

مسلم طلبہ کو درج فہرست اقوام و قبائل کے مماثل فیس باز ادائیگی اور اوورسیز اسکالرشپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان دو تاریخی فیصلوں سے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی موثر انتظامات کی تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال حیدرآبادی رباط میں 900 عازمین کے قیام کی گنجائش کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تاحال 700 عازمین حج کیلئے انتظامات مکمل ہوگئے ۔ مزید 200 کیلئے عمارت کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارکان حج کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ محمود علی نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کی صحت و تندرستی اور تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کریں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد و رنگا ریڈی کے 1850 عازمین حج کیلئے حج ہاؤز میں ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کے عازمین کیلئے متعلقہ اضلاع میں کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق عازمین حج کیلئے روانگی و واپسی سے متعلق انفرادی شیڈول آئندہ تین دن میں جاری کردیا جائے گا ۔ ٹیکہ اندازی کیمپ کے پہلے دن کور نمبر 1 تا 2000 کے عازمین کیلئے انتظام کیا گیا تھا ۔ دوسرے دن 2001 تا 5000 کور نمبرس کے درمیان منتخب عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کا انتظام رہے گا ۔ آخری دن 5001 تا 7000 کور نمبرس کے عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کا انتظام رہے گا ۔ کیمپ کے اوقات 11 بجے دن تا 4 بجے شام رہیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج ہاؤز کی تیسری منزل پر حج میوزیم کا افتتاح کیا ۔ حکومت ایران نے کعبۃ اللہ اور مناسک حج کے مقامات سے متعلق خوبصورت ماڈل بطور تحفہ تلنگانہ حج کمیٹی کو پیش کیا ہے جسے نمائش کیلئے رکھا گیا۔ اس موقع پر 71 اقامتی اسکولس کے کامیاب آغاز پر ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن اے کے خاں کو مبارکباد پیش کی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج ہاؤز کی عمارت اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے واٹر پروف ٹینٹ کی تنصیب اور دیگر کاموں کی تیزی سے انجام دہی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT