Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز میں کل عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز

حج ہاوز میں کل عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز

مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی شرکت ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔6 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی 8 جولائی کو حج ہائوز میں 1:30 بجے دن عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز کریں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے پہلے مرحلہ میں 800 عازمین حج کو ٹیکہ اندازی کے لیے مدعو کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہائوز میں واٹر پروف شامیانہ کا انتظام کیا جارہا ہے اور ایک دن میں 800 عازمین کو ٹیکہ اندازی تکمیل کے لیے زائد کائونٹرس قائم کئے جائیں گے۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کے علاوہ شہر کے وزراء و عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہباز احمد کی بھی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینائی سے ویکسین حیدرآباد پہنچ چکی ہے اور ویکسین کے ماہر ڈاکٹر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کو تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کے لیے کیئے جارہے انتظامات سے واقف کرایا جائے گا۔ حج 2017 ء کی تیاریوں اور حج کیمپ کی تیاریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج محکمہ کے اعلی عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مرکزی وزیر کے پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ مرکزی وزیر ریاست میں اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات اور ان پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ حیدرآباد میں تمام ریاستوں کے اقلیتی فینانس کارپوریشنوں کے صدور نشین اور منیجنگ ڈائرکٹرس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر اس اجلاس میں ملک بھر میں مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشنوں کو مرکز کی نئی اسکیمات اور اقلیتوں کو اس کے فوائد سے واقف کرائیں گے۔ مختار عباس نقوی راجندر نگر میں اقلیتی اقامتی اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ عمارت 18 کروڑ روپئے کے خرچ سے تعمیر کی جارہی ہے جس میں مرکزی حکومت کی حصہ داری 60 فیصد ہے۔ وجئے نگر کالونی میں اقلیتی امیدواروں کے لیے مختلف پیشہ ورانہ کورسس میں ٹریننگ سے متعلق اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ مختار عباس نقوی کی حیدرآباد آمد کے پیش نظر تلنگانہ حکومت زائد حج کوٹے کے لیے نمائندگی کرسکتی ہے۔ مختلف ریاستوں سے بچ جانے والی نشستیں اور اسپیشل کوٹے کے تحت تلنگانہ کو زائد نشستیں الاٹ کرنے کے لیے نمائندگی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT