Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز کے احاطہ میں بغیر اجازت سرگرمیوں کے خلاف سخت نوٹ

حج ہاوز کے احاطہ میں بغیر اجازت سرگرمیوں کے خلاف سخت نوٹ

قبل از وقت اجازت حاصل کرنے کی ہدایت ، سی ای او وقف بورڈ کے احکامات
حیدرآباد ۔ 10فبروری ( سیاست نیوز)تلنگانہ وقف بورڈ نے حج ہاؤز کے احاطہ میں اجازت کے بغیر بعض اداروں کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹ لیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد اسد اللہ نے تمام اقلیتی اداروں کو اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت انہیں حج ہاؤز کے احاطہ میں کسی بھی سرگرمی یا پروگرام کے انعقاد کے لئے وقف بورڈ سے قبل از وقت اجازت حاصل کرنی ہوگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتی ادارے اپنے طور پر مختلف پروگرام منعقد کررہے ہیں جس کیلئے برقی سمیت دیگر تمام سہولتیں مفت حاصل کی جارہی ہے ۔ وقف بورڈ کے اجازت کے بغیر حج ہاؤز کے اندرونی و بیرونی حصہ کا استعمال اصولاً قواعد کی خلاف ورزی ہے کیونکہ یہ عمارت وقف بورڈ کی ملکیت ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے جب کبھی حج کیمپ کا انعقاد عمل میں آتا ہے تو وقف بورڈ سے پیشگی اجازت حاصل کرلی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی برقی کے استعمال کے سلسلہ میں علحدہ عارضی برقی میٹر نصب کرتے ہوئے تمام مصارف اپنی جانب سے ادا کرتی ہے ۔ اس کے برخلاف بعض دیگر اداروں نے بورڈ کی اجازت کے بغیر نہ صرف پروگرام منعقد کئے بلکہ عمارت کے ایک حصہ میں ہیلپ لائن سنٹر قائم کیا ۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے حالیہ عرصہ میں بعض بڑے پروگرامس حج ہاؤز کی کھلی اراضی پر منعقد کئے گئے اور اس کیلئے وقف بورڈ کے کنکشن سے برقی حاصل کی گئی ۔ اس کے علاوہ دیگر سہولتوں سے بھی استفادہ کیا گیا ۔ ان پروگراموں کے سبب وقف بورڈ پر برقی بل کا بھاری بوجھ پڑرہا ہے ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے سکریٹری اقلیتی بہبود سے مشاورت کے ذریعہ تمام اقلیتی اداروں کو مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ حج ہاؤز کے انتظامات میں بے قاعدگی کو ختم کیا جاسکے ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اقامتی اسکول سوسائٹی نے گراؤنڈ فلور پر ہیلپ لائن سنٹر کے قیام کی تیاری کرلی ہے جس کی اجازت وقف بورڈ سے نہیں لی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریٹائرڈ پولیس عہدیدار اور حکومت کے مشیر اے کے خاں کے سوسائٹی سے وابستہ ہونے کا فائدہ اٹھاکر سوسائٹی کے عہدیدار حج ہاؤز پر اپنا کنٹرول تصور کررہے ہیں ۔ انہیں اس بات کی توفیق نہیں کہ وہ تقریب سے قبل وقف بورڈ کو اس کی اطلاع دیں ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے وقف بورڈ کسی بھی تقریب کے سلسلہ میں برقی کے مصارف مقرر کرنے کی تجویز رکھتا ہے ۔ حج ہاؤز کے استعمال کے سلسلہ میں معاملات کو سدھارنے کی کوشش نہیں کی گئی ‘ غیر مجاز افراد کی من مانی اور بے جا سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔ حالیہ عرصہ میں حج ہاؤز کے احاطہ میں کئی ناپسندیدہ اور غیرقانونی سرگرمیاں دیکھی گئیں ‘ جس کے بعد نہ صرف سکوریٹی کو سخت کردیا گیا بلکہ زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول سوسائٹی کا دفتر حج ہاؤز سے منتقل ہونے کے باوجود سوسائٹی سے وابستہ بعض عناصر ابھی بھی حج ہاؤز میں اپنا ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں ۔ ان کی سرگرمیاں نہ صرف حج ہاؤز بلکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے وقار کو متاثر کرسکتی ہیں ۔ حج ہاؤز کے احاطہ میں تقاریب منعقد کرتے ہوئے نہ صرف درختوں کو کاٹ دیا جاتا ہے بلکہ پروگرام کے اختتام کے بعد صفائی تک نہیں کی جاتی اور گندگی اور ملبہ کو وقف بورڈ کی ذمہ داری پر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ اس صورتحال کا تدارک ضروری ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT