Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز کے دفاتر میں برقی سربراہی مسدود ، کام ٹھپ

حج ہاوز کے دفاتر میں برقی سربراہی مسدود ، کام ٹھپ

ٹرانسفارمر میں خرابی ، جنریٹر بھی کچھ دیر بعد بند ، لفٹ نہ چلنے سے ضعیف افراد کو مشکلات
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) حج ہاؤز کے دفاتر میں آج دن بھر برقی کی عدم سربراہی کے سبب کام کاج ٹھپ رہا۔ حج ہاؤز کو برقی سربراہ کرنے والی ٹرانسفارمر میں خرابی کے سبب صبح سے ہی برقی سربراہی مسدود تھی۔ عمارت کے بعض حصوں میں جنریٹر کے ذریعہ برقی سربراہ کی گئی لیکن یہ جنریٹر بھی کچھ وقت کے بعد ناکارہ ہوگیا۔ اس طرح حج ہاؤز کی عمارت عملاً تاریکی میں ڈوب گئی۔ برقی کی عدم سربراہی کے سبب ایک طرف اقلیتی بہبود کے دفاتر میں کام کاج بری طرح متاثر ہوا تو دوسری طرف عوام کو سیڑھیوں کے راستہ اوپری منزل پہونچنے میں دشواری ہوئی۔ جنریٹر بند ہوتے ہی عمارت کی لفٹ بند ہوگئی اور عوام خاص طور پر ضعیف افراد اور خواتین کو سیڑھیوں کے راستے پانچویں اور ساتویں منزل تک جانا پڑا، جہاں اسکالرشپ اور شادی مبارک جیسی اسکیمات کے دفاتر ہیں ۔ وقف بورڈ ، اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن میں برقی کی عدم سربراہی کے سبب کمپیوٹرس غیر کارکرد ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں ان دفاتر کا روز مرہ کا کام بری طرح متاثر ہوا۔ ملازمین اپنی نشستوں پر کسی کام کاج کے بغیر بیٹھے رہے اور دفتر کا وقت گزرتے ہی روانہ ہوگئے ۔ اس طرح ان دفاتر میں ملازمین اور عہدیداروں کیلئے عملاً چھٹی کا دن رہا۔ صرف ایسی فائلیں جن کی یکسوئی ضروری تھی، وہ عہدیداروں تک پہنچائی گئی۔ وقف بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی نے برقی کی عدم سربراہی کے باوجود کئی فائلوں کی یکسوئی کی اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کی۔ شام 5 بجے برقی سربراہی بحال ہوئی جس کے بعد عمارت کے دونوں حصوں میں لفٹ کی کارکردگی بحال ہوئی۔ حج ہاؤز میں برقی سربراہی کی مسدودی معمول بن چکی ہے اور ہر تھوڑے دن بعد لفٹ بند ہوجانے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT