Thursday , June 29 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاؤز عمارت میں ہر طرف پانی

حج ہاؤز عمارت میں ہر طرف پانی

چھت پر پائپ لائن پھٹ پڑی، عہدیداروں کی غفلت
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) حج ہاؤز، نامپلی کی نگہداشت کے سلسلے میں عہدیداروں کی غفلت کے نتیجہ میں آج عمارت میں موجود دفاتر کے عہدیداروں ، ملازمین اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت کی چھت پر موجود پائپ لائن کے پھٹ جانے سے پانی نیچے کی تمام منزلوں میں سیلاب کی طرح بہنے لگا جس کے باعث کسی بھی ناگہانی واقعہ سے بچنے کیلئے نہ صرف برقی سربراہی منقطع کردی گئی بلکہ عمارت کی تمام لفٹس کو روک دیا گیا۔ حج ہاؤز میں جنریٹر کی موجودگی کے باوجود برقی سربراہی اور لفٹ کو بند رکھا گیا تاکہ وائرنگ میں پانی کے اُترنے سے کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ آج سہ پہر تقریباً 4 بجے عمارت کی اوپری حصہ میں موجود پائپ لائن اچانک پھٹ گئی جس سے پانی سیڑھیوں کے راستے عمارت میں موجود دفاتر میں داخل ہوگیا۔ تمام ملازمین پانی کی نکاسی میں مصروف ہوگئے تاہم اس وقت تک پانی لفٹ میں داخل ہوچکا تھا۔ اس کے علاوہ سیڑھیوں پر پانی کے بہاؤ کے نتیجہ میں کوئی بھی سیڑھی کے راستے اُترنے سے قاصر رہا۔ ان حالات میں برقی سربراہی کو مسدود کرنا پڑا اور مختلف اقلیتی دفاتر کے عہدیدار اور ملازمین کو مقررہ وقت سے قبل دفاتر بند کرنا پڑا۔ عوام کو سیڑھیوں کے راستے نیچے اُترنے میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔ کئی خواتین اور ضعیف افراد نے مینٹننس کی بدانتظامی پر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے بعد میں پائپ لائن کی درستگی کے کام کیلئے عملہ کو متعین کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT