Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / حج ہاؤز میں عازمین کرام کی آمد کا آغاز،تمام تیاریاں مکمل

حج ہاؤز میں عازمین کرام کی آمد کا آغاز،تمام تیاریاں مکمل

نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی نے انتظامات کا معائینہ کیا۔21اگست کو پہلی پرواز
حیدرآباد 19  اگست ( پریس نوٹ ) حج ہاؤز نامپلی میں حج کیمپ 2016 کا عملی طور پر آغاز ہوگیا جب کہ 21 اگست کو مقرر پہلی فلائیٹ کے عازمین نے رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنے سفر حج کی توثیق کردی ہے۔ پہلی فلائیٹ میں جملہ 340 عازمین ہیں۔ جن میں عادل آباد کے  28 ‘  حیدرآباد کے 146 ‘ کریم نگر کے 12 ‘ کھمم کے آٹھ‘ محبوب نگر کے 31 ‘ میدک کے 21 ‘ نلگنڈہ کے سات‘ نظام آباد کے 43‘ رنگا ریڈی کے 20  اور ورنگل کے 23عازمین شامل رہیں گے۔ ان کے ساتھ ایک خادم الحج بھی روانہ ہوں گے۔ حج کیمپ میں عازمین کے استقبال‘ ا ن کے قیام و طعام اور ان کی روانگی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی روانگی کے لئے جنوبی میدان میں خصوصی انتظام کیا گیا ہے اور محکمہ جات کسٹمس‘ امیگریشن‘ ایر لائنز ‘ بیاگیج چیک وغیرہ کی سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔ حج ہاؤز کی عمارت اور متصلہ زیر تعمیر عمارت میں عازمین کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں اور اداروں کی اسٹالیں بھی لگا دی گئی ہیں۔ عازمین حج کے لئے پکوان کا انتظام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب محمود علی اور سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے کل رات دیر گئے حج کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ جناب سید عمر جلیل آج صبح سے ہی حج کیمپ میں قیام کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور جہاں جہاں کوتاہی پائی جائے اس کو دور کرنے کے لئے ہدایات دے رہے ہیںاور کسی سہولت کی ضرورت محسوس ہو تو اس کو پورا کررہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفسیر ایس اے شکور کل دن سے ہی حج ہاؤز میںکیمپ کئے ہوئے ہیں ‘ اور تمام انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ حج ہاؤز کی عمارت پر کلر پینٹ کروایا گیا ہے ۔ حج کیمپ 28اگست تک جاری رہے گا اور جملہ 15پروازوں کے ذریعہ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین کی جدہ روانگی عمل میںآئے گی۔

TOPPOPULARRECENT