Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2015 کی تیاریوں پر آج مختلف محکمہ جات کا جائزہ اجلاس

حج 2015 کی تیاریوں پر آج مختلف محکمہ جات کا جائزہ اجلاس

ڈپٹی چیف منسٹرمحمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود کے علاوہ سرکاری عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست  نیوز) حج 2015 ء کی تیاریوں کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کل 20 اگست کو حج ہاؤز نامپلی میں جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ سکریٹری اقلیتی بہبود جے ڈی ارونا اور 22 مختلف محکمہ جات کے عہدیدار اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 31 اگست سے شروع ہونے والے حج کیمپ کے انتظامات کے علاوہ حج ٹرمنل سے عازمین کی روانگی کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ حج کیمپ کے آغاز سے قبل تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنا لازمی ہے کیونکہ حج انتظامات میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے کئی ادارے شامل ہیں۔ جائزہ اجلاس میں کسٹمس ، ایر انڈیا ، جی ایم آر ، امیگریشن ، پولیس ، آر ٹی سی ، سی آئی ایس ایف اور دیگر اداروں کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہاؤز میں کیمپ کے انتظامات کا آغاز ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ 28 اگست تک تمام انتظامات مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 31 اگست سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا اور 2 ستمبر سے پروازوں کی روانگی عمل میں آئے گی ۔ امید ہے کہ پہلے قافلہ کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وداع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ میں 16 فلائیٹس روانہ ہوں گی، لہذا حج کیمپ میں بیک وقت تقریباً 2000 عازمین کیلئے انتظامات کرنے ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق پہلی مرتبہ حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کی تین منزلوں کو کیمپ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی روانگی سے متعلق شیڈول توقع ہے کہ بہت جلد سنٹرل حج کمیٹی جاری کرے گی ۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کی تیاریوں کا آ غاز ہوچکا ہے ۔ محکمہ جاتی سطح پر جائزہ اجلاس کے بعد حج ٹرمنل کا معائنہ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT