Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2015 کے انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ

حج 2015 کے انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ

وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کی مشاورت
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2015 کے انتظامات کے سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے آج وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کی۔ حج ہاوز نامپلی میں حج کیمپ کے انتظامات کے علاوہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کی تعمیر اور اس میں عازمین حج کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیاگیا۔ جی ایم آر سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئر نے حج کیمپ کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلہ میں رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات کا پیشکش کیا ہے۔ یہ انجینئر جی ایم آر کے کئی بڑے پراجکٹس کی تکمیل میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ انہوں نے آج حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ حج ہاوز کا معائنہ کیا اور حج کیمپ کی تیاری کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد حج کیمپ کا اجمالی خاکہ تیار کریں گے جس کے مطابق حج کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ جاریہ سال روزانہ 3 فلائیٹس کی روانگی کے سبب حج ہاوز میں عازمین حج کی کثیر تعداد کی موجودگی کے سبب حج کمیٹی نے انتظامات کو چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے حج کمیٹی اور وقف بورڈ میں اشتراک کے ذریعہ بہتر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے وقف بورڈ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ حج کیمپ کے قیام اور انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ وقف بورڈ عمارت کی صفائی اور باتھ رومس اور الکٹریکل ضروریات کی تکمیل کے علاوہ کمروں میں درکار ریپیرنگ کے کام انجام دے گا۔ وقف بورڈ نے عمارت کے سیلر میں آہک پاشی کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ سال پہلی مرتبہ حج ہاوز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کی تین منزلوں کو عازمین حج کے قیام کیلئے استعمال کیا جائے گا جبکہ کھلی اراضی پر عازمین حج کی روانگی سے متعلق اُمور کے کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ عازمین حج کی روانگی بھی اس بار سیلر کے بجائے کھلی اراضی پر قائم کئے جانے والے کیمپ سے عمل میں آئے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے کہا کہ وقف بورڈ عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 31اگسٹ سے حج کیمپ کا آغازہوگا اور 2 ستمبر کو پہلی فلائیٹ روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج میں سوٹ کیسوں کی تقسیم کا عمل اضلاع میں جاری ہے۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے 1560 عازمین نے سوٹ کیس حاصل کرلئے جبکہ مابقی عازمین کو اندرون دو یوم سوٹ کیس جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب ہونے والے عازمین کیلئے بھی سوٹ کیس کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ حج کیمپ اور حج ٹرمنل کے انتظامات کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 20اگسٹ کو طلب کیا گیا ہے۔ ایر پورٹ پر حج ٹرمنل کی تیاری بھی تیزی سے جاری ہے۔
اس بار جی ایم آر کی جانب سے سامان کی منتقلی کیلئے بیلٹ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیٹرس کیلئے خصوصی شامیانے میں بنیادی ضرورتیں فراہم کی جائیں گی۔ عازمین حج کے طعام، کیمپ کیلئے سپلائینگ کمپنی، مینٹننس، ٹائیلٹس و باتھ رومس کی تعمیر اور عہدیداروں کیلئے گاڑیوں کے کرایہ پر حصول کیلئے جملہ 5ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو ٹنڈرس کھولے جائیں گے اور منتخب ٹنڈرگذاروں کو 28 اگسٹ تک کاموں کی تکمیل کرنی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT