Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2015 کے 9 خادم الحجاج کو بلیک لسٹ کردیا گیا

حج 2015 کے 9 خادم الحجاج کو بلیک لسٹ کردیا گیا

محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد۔/14جنوری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ حج 2015 کے 9 خادم الحجاج کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ یہ خادم الحجاج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی خدمت کے فریضہ میں ناکام ثابت ہوئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید عمر جلیل نے کہا کہ بلیک لسٹ کئے گئے تمام خادم الحجاج سے حج کو روانگی کی رقم کی ریکوری کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کا جلد آغاز ہوگا تاکہ آئندہ اس طرح کے خادم الحجاج کو سبق حاصل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں بھی خادم الحجاج کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ گزشتہ سال جبکہ دو سانحات پیش آئے۔ 9خادم الحجاج نے نہ صرف فرائض سے غفلت برتی بلکہ وہ حج کمیٹی سے ربط میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے متعلقہ محکمہ جات کو تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے اور وہ دوبارہ کبھی اس فریضہ پر روانہ نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سے رقم کی ریکوری کی جائے گی جس کے لئے جلد احکامات جاری کئے جائیں گے۔ سید عمر جلیل نے حج کمیٹی کے ملازمین کی خادم الحجاج کی حیثیت سے بار بار روانگی پر روک لگانے کی ہدایت دی اور کہا کہ مخصوص ملازمین کی بار بار روانگی روکنے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ حکومت کو شکایت ملی ہے کہ حج کمیٹی کے مخصوص ملازمین باری باری سے خادم الحجاج کے نام پر روانہ ہورہے ہیں اور حاجیوں کی خدمت کے بجائے اپنی نجی مصروفیات اور سیر و تفریح میں وقت گذار رہے ہیں۔ جن خادم الحجاج کو بلیک لسٹ کیا گیا ان کی فہرست حکومت کوروانہ کی گئی ہے جن میں شیخ محمد غیاث( گنٹور ) ، سید حسام الدین قادری ( ظہیرآباد ) محمد عبدالفہیم ( کریم نگر )، محمد ایوب خاں (کڑپہ) عبدالقدوس ( کڑپہ ) تاج الدین بابا ( چتور ) اور حج کمیٹی کے ملازمین سید کبیر، محمد نور الدین اور ایم اے رفیع قریشی شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT