Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016ء کیلئے 322 درخواستوں کی وصولی

حج 2016ء کیلئے 322 درخواستوں کی وصولی

تعطیلات کے باعث عازمین کو مشکلات کا سامنا، اسٹاف کی کمی بھی اہم وجہ
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2016کیلئے پہلے دن حج کمیٹی کو 322 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کے پہلے دن آج حج ہاوز میں شہر اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں عازمین رجوع ہوئے جن میں سے 322 نے درخواست فارم داخل کئے۔ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی رہنمائی اور درخواستوں کو پُر کرنے کیلئے 15خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ درخواستوں کی خانہ پُری کے بعد جانچ کیلئے 6 کاؤنٹرس، درخواستوں کی وصولی کیلئے 2کاؤنٹرس اور درخواست فارمس کی اجرائی کیلئے ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر مزید کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں بھی درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے اور بینکوں کو تعطیلات کے سبب عازمین حج 300 روپئے جمع نہیں کرسکے۔ توقع ہے کہ پیر سے درخواستوں کے ادخال کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کا دفتر کل 17جنوری کو اتوار کے سبب بند رہے گا۔ حج ہاوز میں آج تعطیل کا ماحول رہا۔ سنکرانتی کی تعطیلات کے سبب بیشتر ملازمین نے ہفتہ کو چھٹی لے لی تھی۔ اقلیتی اداروں کے دفاتر سنسان دکھائی دے رہے تھے۔ خاص طور پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس حیدرآباد میں اپنے مسائل کیلئے رجوع ہونے والے افراد کو مایوسی ہوئی کیونکہ وہاں کوئی عہدیدار موجود نہیں تھا۔ طلباء نے شکایت کی کہ اسکالر شپ اور فیس بازادائیگی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے کوئی دستیاب نہیں تھا۔ شادی مبارک اسکیم کے درخواست گذاروں کو بھی مایوس لوٹنا پڑا۔ اقلیتی بہبود کے ضلعی دفاتر میں اسٹاف کی کمی ہے اور تعطیلات کے دوران اضافی چھٹی لینے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں توجہ دینے اور اسٹاف کی اضافی چھٹیوں کی منظوری میں احتیاط برتنی چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT