Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 ء کیلئے 20 مارچ کو قرعہ اندازی

حج 2016 ء کیلئے 20 مارچ کو قرعہ اندازی

تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کا ایک ہی دن انتخاب ، کوٹہ میں کوئی اضافہ نہیں
حیدرآباد۔/15مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2016 کیلئے عازمین حج کی قرعہ اندازی 20 مارچ کو حج ہاوز نامپلی میں مقرر ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی ایک ہی دن میں ہوگی تاہم دونوں ریاستوں کیلئے الگ الگ وقت مقرر کیا گیا ہے۔ یوں تو سنٹرل حج کمیٹی نے حج کوٹہ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تاہم دونوں ریاستوں کیلئے گزشتہ سال کے مطابق ہی حج کوٹہ الاٹ ہونے کی امید ہے۔ حکومت سعودی عرب نے سنٹرل حج کمیٹی کیلئے گزشتہ سال کے برابر ہی حج کوٹہ الاٹ کیا ہے اور ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کمیٹی کوٹہ کا تعین کرے گی۔ تلنگانہ میں یوں تو جملہ 17394 درخواستیں داخل کی گئیں لیکن قرعہ اندازی تقریباً 550 عازمین کیلئے ہی ہوگی کیونکہ 2204 عازمین حج دو محفوظ زمروں کے تحت پہلے ہی منتخب ہوچکے ہیں۔ اس طرح عام زمرہ میں موصولہ 15190 عازمین کی درخواستوں میں سے تقریباً 550 کا ہی قرعہ اندازی سے انتخاب ہوگا اور ہزاروں عازمین کو مایوسی  ہوسکتی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق گزشتہ سال تلنگانہ کا حج کوٹہ 2760 تھا جبکہ ویٹنگ لسٹ کے بعد 2969 عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔ گزشتہ سال جملہ 16652 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ اس مرتبہ 17394 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جن میں سب سے زیادہ 11487 درخواستیں حیدرآباد سے داخل کی گئیں جبکہ سب سے کم 214 کھمم سے داخل ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال کے کوٹہ سے موجودہ درخواستوں کا تعین کیا جائے تو 2760 کے منجملہ 2204 عازمین بغیر قرعہ اندازی کے محفوظ زمرہ جات میں منتخب ہوچکے ہیں۔ لہذا صرف556 کیلئے قرعہ اندازی کرنی ہوگی۔ 70سال سے زائد زمرہ کے تحت 530اور مسلسل چار مرتبہ درخواست داخل کرنے کے محفوظ زمرہ کے تحت 1674 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ 8941 مرد، 8453 خواتین اور 33 کمسن بچوں کی درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو 11بجے دن تلنگانہ اور 3بجے سہ پہر آندھرا پردیش کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ تلنگانہ کی قرعہ اندازی میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، مسلم عوامی نمائندے اور اقلیتی بہبود کے عہدیدار شرکت کریں گے جبکہ آندھرا پردیش کی قرعہ اندازی میں وزیر اقلیتی بہبود پی رگھوناتھ ریڈی، کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال اور آندھرا کے مسلم عوامی نمائندے شریک ہوں گے۔ آندھرا پردیش میں جملہ 3261 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جن میں 3066 عام زمرہ کے تحت ہیں۔ پہلے محفوظ زمرہ میں147اور دوسرے میں 48 اس طرح جملہ 195 درخواستیں محفوظ زمرہ جات میں داخل ہوئی ہیں جن کیلئے قرعہ اندازی کی ضرورت نہیں۔ کرنول سے 777 اور سب سے کم صرف 8 درخواستیں سریکا کولم سے داخل کی گئیں۔ گزشتہ سال آندھرا پردیش کا حج کوٹہ2245  تھا اور ویٹنگ لسٹ کے بعد 2404 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اندرون دو یوم سنٹرل حج کمیٹی تمام ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کا اعلان کردے گی۔ تلنگانہ حکومت حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کررہی ہے۔ اس بار بھی تلنگانہ حج کمیٹی دونوں ریاستوں کے عازمین کی خدمت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT