Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 درخواستوں کی آج سے اجرائی کا آغاز

حج 2016 درخواستوں کی آج سے اجرائی کا آغاز

ادخال طریقہ کار میں تبدیلیاں ، عازمین کی رہنمائی کے لیے خصوصی کاونٹر کا قیام
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2016 ء کے درخواست فارمس کی اجرائی کا 14 جنوری سے آغاز ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ملک بھر میں درخواست فارمس کی اجرائی کیلئے ایک ہی تاریخ کا تعین کیا ہے ، جس کے باعث تعطیل کے باوجود تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے درخواست فارمس کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں 11 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں درخواست فارمس جاری کریں گے۔ حیدرآباد اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج سے تقریب میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور تقریب کی صدارت کریںگے جبکہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر اور مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ مہمانان اعزازی ہوں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 10,000 درخواست فارمس روانہ کئے ہیں، جن میں سے اضلاع کے کمیٹیوں کو بھی فارمس جاری کئے گئے۔ جاریہ سال سنٹرل حج کمیٹی نے درخواست فارمس کے ادخال کے طریقہ کار میں بعض تبدیلیاں کی ہیں۔ درخواست فارم کے ساتھ ضروری اسنادات کو اسکیان کرتے ہوئے روانہ کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ درخواستیں آن لائین یا پھر شخصی طور پر حج کمیٹی کے آفس میں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اضلاع کی حج سوسائٹیز کو بھی درخواستیں قبول کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ درخواست فارم کی زیراکس بھی قابل قبول رہے گی ۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں درخواستوں کے آن لائین ادخال کی سہولت حاصل ہوگی۔ 8 فروری درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ جاریہ سال توقع ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے حج کوٹہ میں اضافہ ہوگا۔ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں منتخب نہ ہونے والے افراد کو محفوظ زمرہ کے تحت منتخب قرار دیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT