Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 کے لیے ادخال درخواست کا مرحلہ مکمل

حج 2016 کے لیے ادخال درخواست کا مرحلہ مکمل

تلنگانہ سے 15311 اور آندھرا پردیش سے 2668 درخواستوں کی وصولی
حیدرآباد ۔ 15۔  فروری  (سیاست نیوز) حج 2016 ء کیلئے درخواستوں کے ادخال کا مرحلہ آج مکمل ہوگیا۔ تلنگانہ سے جملہ 15311 اور آندھراپردیش سے 2668 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ میں عام زمرہ کے تحت 13474 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 562 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے کے محفوظ زمرہ میں 1275 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ حیدرآباد سے 12413  درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ گزشتہ سال 11219 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں عام زمرہ کے تحت 2542 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جبکہ پہلے محفوظ زمرہ کے تحت 100 اور دوسرے محفوظ زمرہ کے تحت 46 درخواستیں داخل کی گئیں۔ تلنگانہ میں گزشتہ سال جملہ 16963 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جبکہ آندھراپردیش میں 3840 عازمین نے درخواستیں داخل کی تھیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ مختلف اضلاع میں داخل کی گئی درخواستیں ابھی حج کمیٹی کو موصول ہورہی ہیں لہذا درخواستوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ حج 2015 ء میں تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 2760 الاٹ کیا گیا تھا جبکہ ویٹنگ لسٹ کے ساتھ جملہ 2969 عازمین حج روانہ ہوئے تھے ۔ اسی طرح آندھراپردیش کا کوٹہ 2242 الاٹ کیا گیا تھا اور ویٹنگ لسٹ کے ساتھ 2404 عازمین حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ اس اعتبار سے آندھراپردیش میں حج کوٹہ کے برابر درخواستیں داخل ہوئی ہیں اور ویٹنگ لسٹ کے ساتھ توقع ہے کہ تمام درخواست گزاروں کو حج بیت اللہ کی سعادت نصیب ہوگی۔ تلنگانہ میں کئی ہزار افراد انتخاب سے محروم ہوسکتے ہیں کیونکہ درخواستوں کی تعداد امکانی کوٹہ سے کافی زیادہ ہیں۔ مرکزی حکومت نے ابھی تک ریاستوں کیلئے کوٹہ الاٹ نہیں کیا ہے ، تاہم جاریہ سال مردم شماری 2011 ء کے مطابق کوٹہ الاٹ کیا جائے گا اور توقع ہیکہ دونوں ریاستوں کے حج کوٹہ میں کسی قدر اضافہ ہوگا۔ درخواستوں کے ادخال کے آخری دن آج ہاؤز میں کافی ہجوم دیکھا گیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کاؤنٹرس کا معائنہ کرتے ہوئے عازمین کو فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ حج کمیٹی کی جانب سے پہلی مرتبہ عازمین کیلئے مفت زیراکس کی سہولت فراہم کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT