Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 کے لیے ایک ہزار عازمین کی مفت رہائش و طعام

حج 2016 کے لیے ایک ہزار عازمین کی مفت رہائش و طعام

حکومت تلنگانہ کے تعاون پر اچھے انتظامات ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کو ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف کا تیقن
حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے ایڈیٹر’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کو یقین دلایا کہ وہ حج 2016کیلئے 1000 عازمین کی رہائش اور مفت طعام کے انتظام کیلئے تیار ہیں۔ اگر تلنگانہ حکومت اس سلسلہ میں تعاون کرے تو وہ آئندہ سال حج میں بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ جناب زاہد علی خاں سے مکہ مکرمہ میں حسین محمد الشریف نے ملاقات کی اور رباط میں گزشتہ حج کے موقع پر 597 عازمین حج کیلئے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ جناب زاہد علی خاں نے انتظامات کی ستائش کی اور تجویز پیش کی کہ آئندہ سال تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے بات چیت کریں گے اور امید ہے کہ تلنگانہ حکومت ناظر رباط کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ ناظر رباط نے بتایا کہ سابق ریاست حیدرآباد کے تعلق رکھنے والے 597 عازمین حج کیلئے تین عمارتوں میں انتظامات کئے گئے تھے۔ رباط کی موجودہ عمارت کے علاوہ مزید دو عمارتیں حاصل کرتے ہوئے نہ صرف قیام کا انتظام کیا گیا بلکہ تین وقت کا کھانا مفت فراہم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ طعام کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی گئیں جس سے حجاج کرام کافی مطمئن رہے۔ ناظر رباط نے جناب زاہد علی خاں کو رباط میں فراہم کی گئی سہولتوں سے واقف کرایا اور کہا کہ وہ حج 2016 میں 1000افراد کیلئے انتظامات کرنے تیار ہیں۔ مفت قیام و طعام کے علاوہ لانڈری اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سہولت سے سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں کے عازمین کو بھاری رقم کی بچت ہوگی۔ جناب زاہد علی خاں نے ناظر رباط حسین شریف کے اس جذبہ خدمت کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا موقع صرف ان لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جو اللہ کے محبوب ہیں۔ اس خدمت کے اجر کا کوئی اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے ناظر رباط کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اس جذبہ خدمت کو جاری رکھیں اور تلنگانہ حکومت سے مکمل تعاون کے سلسلہ میں وہ مساعی کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا تھا اور 597 افراد کے لئے رباط میں قیام کا انتظام کیا گیا۔ حجاج کرام نے رباط کے انتظامات کی زبردست ستائش کی تھی اور سنٹرل حج کمیٹی و تلنگانہ حج کمیٹی نے بھی ناظر رباط کی خدمات کو سراہا تھا۔

TOPPOPULARRECENT