Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 کے لیے حج کمیٹی کو 18000 درخواستوں کی وصولی

حج 2016 کے لیے حج کمیٹی کو 18000 درخواستوں کی وصولی

تلنگانہ و آندھرا پردیش میں تلنگانہ کی اکثریت ، مردم شماری کی بنیاد پر حج کوٹہ
حیدرآباد۔19فبروری ( سیاست نیوز)  حج 2016ء کیلئے حج کمیٹی کو تلنگانہ اور آندھراپردیش سے 18000سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں ریاستوں سے موصولہ درخواستوں کو سنٹرل حج کمیٹی آن لائن کرنے کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ کام 25فبروری تک جاری رہے گا ۔ سنٹرل حج کمیٹی سے درخواستوں کو آن لائن کرنے کیلئے مزید مہلت طلب کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام درخواستوں اور منسلکہ دستاویزات کو اسکیان کرتے ہوئے آن لائن کیا جارہا ہے اور ایک درخواست کیلئے کم از کم نصف گھنٹہ درکار ہے ۔ اس طرح حج کمیٹی کے ملازمین دن رات آن لائن کے کام میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کی تکمیل کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درخواست گذاروں کی حقیقی تعداد کا اندازہ ہوگا ۔ اب تک جو اعداد و شمار ہے اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ اضلاع سے بھی مزید درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ فی الحال حج کمیٹی کے پاس دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش سے 17979 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور یہ تعداد 18ہزار سے تجاوز کرلے گی ۔ تلنگانہ میں جملہ 15,311درخواستیں داخل کی گئی جن میں عام زمرہ کے تحت 13474 درخواستیں داخل کی گئی ۔ 70سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 562 درخواستیں داخل کی گئی جب کہ مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے کے متعلق محفوظ زمرہ میں 1275درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش سے 2668 درخواستیں داخل کی گئی جن میں پہلے محفوظ زمرہ کے تحت 100 اور دوسرے محفوظ زمرہ کے تحت 46 درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں حج 2015کیلئے علی الترتیب 16963 اور 3840درخواستیں داخل کی گئی تھی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے اس مرتبہ 12413 درخواستیں داخل کی گئی جبکہ گذشتہ سال 11219 درخواستیں داخل کی گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تلنگانہ کا حج کوٹہ 2760تھا اور ویٹنگ لسٹ کے ساتھ جملہ 2969 عازمین روانہ ہوئے تھے ۔ آندھراپردیش کا کوٹہ 2245 تھا جب کہ ویٹنگ لسٹ میں اضافہ کے بعد 2404 عازمین روانہ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مردم شماری 2011ء کے اعتبار سے عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا امکان ہے کہ دونوں ریاستوں کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT