Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 میں عازمین حج کی رہائش گاہوں پر کمیٹی

حج 2017 میں عازمین حج کی رہائش گاہوں پر کمیٹی

حکومت تلنگانہ سے پروفیسر ایس اے شکور کے نام کی منظوری
حیدرآباد۔/4 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مکہ مکرمہ میں حج 2017 کیلئے ہندوستانی عازمین حج کی رہائش گاہوں کے انتخاب سے متعلق کمیٹی میں شمولیت کیلئے پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے نام کو منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج احکامات جاری کئے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ حکومت پروفیسر ایس اے شکور کو بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے روانگی کیلئے نامزد کرتی ہے۔ وہ 2017 حج سیزن کیلئے ہندوستانی عازمین حج کی رہائش گاہوں کے انتخاب میں شریک ہوں گے۔ سفر کے تمام اخراجات تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے ادا کئے جائیں گے اور دورہ کی مدت ڈیوٹی میں شمار کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ہر سال مرکزی حکومت کی جانب سے بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کے طور پر 3 تا4 ارکان کو سعودی عرب روانہ کیا جاتا ہے اور اس کیلئے مختلف  ریاستی حکومتوں کی جانب سے نام تجویز کئے جاتے ہیں۔ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور ناموں کا انتخاب کرے گی۔ گزشتہ سال تک وزارت خارجہ کی جانب سے بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کے ارکان کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے تاہم جاریہ سال سے حج کے تمام انتظامات وزارت اقلیتی اُمور کو سپرد کئے گئے ہیں لہذا بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کے ارکان کا انتخاب وزارت اقلیتی اُمور کرے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور سابق میں ایک مرتبہ بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT