Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کیلئے تلنگانہ میں عام زمرے کی نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کے امکانات موہوم،ڈپٹی چیف منسٹر اور عہدیداروں کا دورہ دہلی کا منصوبہ

حج 2017 کیلئے تلنگانہ میں عام زمرے کی نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کے امکانات موہوم،ڈپٹی چیف منسٹر اور عہدیداروں کا دورہ دہلی کا منصوبہ

حیدرآباد۔20 فبروری (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے تلنگانہ میں عام زمرے کی نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کو خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کی صورت میں ریاست کے عام زمرے کے عازمین کے لیے قرعہ اندازی کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکز سے زائد کوٹہ حاصل کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا اور جاریہ سال کم از کم 5 ہزار زائد نشستیں الاٹ کرنے کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر اور اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیدار اس سلسلہ میں دورۂ دہلی کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ حج 2017ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 20715 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 70 سال سے زائد عمر کے عازمین پر مشتمل پہلے زمرے کے تحت 725 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے محفوظ زمرہ ’بی‘ کے تحت 2365 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس طرح محفوظ زمرہ جات کے تحت جملہ 3090 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ یہ تمام درخواستیں قرعہ اندازی کے بغیر ہی قبول کی جاتی ہیں۔ تلنگانہ کے لیے گزشتہ سال 2800 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔ اگر جاریہ سال بھی کوٹہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تو عام زمرے کی نشتسوں کیلئے قرعہ اندازی تو کجا محفوظ زمرے کے لیے قرعہ اندازی کرنی پڑے گی۔ تلنگانہ میں 17625 درخواستیں عام زمرے کے تحت داخل کی گئی ہیں۔ مرکز نے تمام ریاستوں کیلئے 20 فیصد زائد کوٹہ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر 20 فیصد کا اضافہ ہو تب بھی صرف چند نشستیں ہی قرعہ اندازی کیلئے دستیاب رہیں گی۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز سے 5 ہزار زائد نشستوں کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستوں کے لیے قرعہ اندازی کا 14 مارچ سے آغاز ہوگا اور 10 مارچ تک تمام ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کردیا جاتا ہے۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ مرکز سے فوری طور پر نمائندگی کی جائے کیوں کہ کوٹہ الاٹمنٹ کی تکمیل کے بعد کسی بھی ریاست کیلئے 5 ہزار زائد نشستیں فراہم کرنا ناممکن ہے۔ گزشتہ سال ایڈیشنل کوٹہ کے تحت 500 زائد نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست کو جاریہ سال 20 فیصد اضافہ کے اعتبار سے تقریباً 700 زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے بہتر انتظامات کو دیکھتے ہوئے حج کمیٹی سے فریضہ حج کی روانگی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کیلئے رباط کی سہولت حاصل ہے اور اس کا موقع حاصل ہونے پر عازمین کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک تلنگانہ کے لیے حج کوٹے پر مرکز کا موقف واضح ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT