Thursday , June 29 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کے لیے تلنگانہ سے 14 خادم الحجاج کا انتخاب

حج 2017 کے لیے تلنگانہ سے 14 خادم الحجاج کا انتخاب

فرائض سے غفلت برتنے پر تادیبی کارروائی کا انتباہ ، سید عمر جلیل کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13۔ جون (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے 14 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ تلنگانہ سے جملہ 17 خادم الحجاج روانہ ہوں گے جن میں 3 کا تعلق حج کمیٹی اور وقف بورڈ سے ہوگا جبکہ باقی 14 کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج کمیٹی کے دفتر میں قرعہ اندازی کا افتتاح کیا اور پہلے خوش نصیب خادم الحجاج کا نام نکالا۔ خادم الحجاج کیلئے سید عمر جلیل نے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو بھی اپنے مقررہ فرائض انجام دینے سے قاصر رہیں گے ، ان کے خلاف نہ صرف تادیبی کارروائی کی جائے گی بلکہ مصارف کی رقم وصول کی جائے گی ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ خادم الحجاج کیلئے جملہ 212 درخواستیں وصول ہوئی تھی جن میں سے 5 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ۔ 207 درخواستوں میں عمرہ کرنے والے 58 اور حج کی سعادت حاصل کرنے والے 149 درخواست گزار تھے۔ جن 14 خوش نصیب خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں آیا ، ان میں حیدرآباد سے 5 ، ورنگل 2 ، رنگا ریڈی 2 اور کریم نگر ، پدا پلی ، محبوب نگر ، نرمل اور نلگنڈہ سے ایک ایک کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ جاریہ سال عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے افراد کی درخواستوں کو قبول کیا گیا تھا لیکن قرعہ اندازی میں منتخب تمام خادم الحجاج حج کا فریضہ ادا کرنے والے پائے گئے۔ منتخب خادم الحجاج میں احمد عبدالحمید محکمہ تعلیم پدا پلی ، سید رحمت محی الدین قادری ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ محبوب نگر ، محمد عادل اختر پولیس ڈپارٹمنٹ حیدرآباد، محمد آصف شریف محکمہ تعلیم حیدرآباد ، محمد غوث الدین بی ایس این ایل حیدرآباد ، سید اکبر حسین محکمہ جنگلات نرمل ، محمد تاج الدین محکمہ تعلیم ورنگل ، محمد غوث محی الدین محکمہ تعلیم نلگنڈہ ، محمد شکیل حسین سکریٹریٹ حیدرآباد ، محمد ایوب خاں سکریٹریٹ رنگا ریڈی ، محمد عبدالکریم کمشنریٹ ایجوکیشن رنگا ریڈی ، اقبال احمد میڈیکل اینڈ ہیلت کریم نگر ، محمد علی میڈیکل اینڈ ہیلت حیدرآباد اور محمد مجیب الرحمن محکمہ تعلیم ورنگل شامل ہیں۔ ویٹنگ لسٹ کے طور پر 4 نام منتخب کئے گئے جن میں محمد عبدالعزیز حیدرآباد ، محمد عبدالایوب سنگا ریڈی ، محمد ابراہیم محبوب نگر اور حامد حسین حیدرآباد شامل ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس موقع پر کہا کہ عازمین کی خدمت کے جذبہ سے درخواستیں داخل کی جاتی ہیں لیکن گزشتہ دو برسوں کے دوران محکمہ اقلیتی بہبود کو بعض خادم الحجاج سے تلخ تجربہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اپنے فرائض انجام نہیں دیئے اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد غائب ہوگئے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے ایسے خادم الحجاج کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور عازمین حج کی خدمت تمام خادم الحجاج کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ عازمین حج کی دیکھ بھال ، گمشدہ ہونے کی صورت میں تلاش ، انتقال کی صورت میں تدفین اور طبیعت بگڑنے پر طبی امداد کی فراہمی جیسے امور پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی سے جو فون حوالے کیا جاتا ہے ، اس کے ذریعہ مسلسل حج کمیٹی سے ربط میں رہنا چاہئے۔ خادم الحجاج کم از کم دو دن میں ایک بار ان کے تحت موجود 200 عازمین حج سے ملاقات کریں اور ان کی خیریت دریافت کریں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب خادم الحجاج کو احکامات کے ساتھ میں حلفنامہ لیا جائے گا جس کی خلاف ورزی پر محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کے موقع پر موجود درخواست گزاروں میں چار کا خادم الحجاج کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT