Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / حرم شریف شہیدوں کو فی کس ایک ملین ریال معاوضہ، بن لادن گروپ معطل

حرم شریف شہیدوں کو فی کس ایک ملین ریال معاوضہ، بن لادن گروپ معطل

زخمیوں کو فی کس 5 لاکھ ریال امداد،جاں بحق افراد کے لواحقین سے شاہ سلمان کا اظہار تعزیت

ریاض ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرم شریف سانحہ کے شہیدوں کے افراد خاندان کو فی کس ایک ملین سعودی ریال (تقریباً دو لاکھ 70 ہزار ڈالر) معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ شاہی عدالت نے بن لادن گروپ کو مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام واقعہ کے بعد تعمیراتی منصوبوں کے مزید پراجکٹس نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بن لادن گروپ کو اب سعودی عرب کے دیگر کام بھی نہیں دیئے جائیں گے۔ اس گروپ کے ارکان پر سفری پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔ ان پر یہ پابندی حرم شریف سانحہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حادثہ کسی مجرمانہ ارادے یا نیت کا نتیجہ نہیں تھا۔ شدید آندھی اور بارش کے باعث کرین کی تنصیب سے متعلق حفاظتی معیارات کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ المناک واقعہ کے بعد شاہی حکومت نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے عازمین حج کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے حادثہ میں زخمی ہوکر زندگی بھر کیلئے معذور ہونے والے ہر عازم حج کو پانچ لاکھ ریال ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزارت خزانہ سعودی عرب کو حکم دیا گیا ہے کہ بن لادن گروپ کے تمام منصوبہ کا جائزہ لیکر تحقیقات کی تکمیل تک اسے کوئی پراجکٹ نہ دیا جائے ۔ سعودی عرب کے فرمانروا نے کل دواخانہ پہنچ کر حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اس حادثہ کی گہرائی سے تحقیقات کرائیں گے۔ مکہ مکرمہ میں 27 ارب ڈالر کے توسیع پراجکٹ پر بن لادن گروپ کام کررہا تھا۔ حکومت سعودی عرب نے مکہ معظمہ میں توسیع پراجکٹ کے تحت کئی تعمیراتی منصوبے بنائے ہیں جس میں نئے مکانات کی تعمیر ، ایک رنگ روڈ تیار کرنے ، پارکنگ کی جگہوں اور نئے میٹرو نظام کی تعمیر کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔شاہ سلمان نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ حرم شریف سانحہ میں شہید ہونے والے عازمین حج کے لواحقین میں سے دو افراد کو حج 2016 کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ یہ افراد شاہی حکومت کے مہمان بن کر حج کے فرائض ادا کریںگے۔ اسی دوران وادی منی ٰ میں واقع مردہ خانہ کے حکام نے حرم شریف سانحہ کے شہیدوں کی نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کرتے ہوئے انہیں متعلقہ افراد کے حوالے کرنا شروع کیا ہے ۔ ان شہیدوں کی مکہ معظمہ جنت البقیع میں تدفین عمل میں لائی جارہی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT