Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / حزب المجاہدین ’غیرملکی دہشت گرد تنظیم‘: امریکہ

حزب المجاہدین ’غیرملکی دہشت گرد تنظیم‘: امریکہ

واشنگٹن ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج کشمیری عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کو ’’غیرملکی دہشت گرد تنظیم‘‘ قرار دیا ہے۔ دو ماہ قبل اس گروپ کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ امریکہ کی جانب سے کسی تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کے نتیجہ میں کئی تحدیدات کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ حزب المجاہدین کی کشمیر میں حالیہ چند ماہ کے دوران دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے آج ایک بیان میں کہا کہ حزب المجاہدین کو بیرونی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد اس کے وسائل بند ہوجائیں گے جن کی دہشت گرد حملوں کیلئے ضرورت ہوتی ہے۔ حزب المجاہدین کی جائیدادوں اور اس کے مفادات پر بھی پابندی لگائی جائے گی اور امریکی حدود میں واقع تمام جائیدادوں پر روک لگا دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی امریکی شہری اس گروپ کے ساتھ کسی طرح کی رقمی معاملت نہیں کرسکتا۔ امریکہ کا یہ فیصلہ پاکستان کیلئے زبردست دھکا ہے جو اب تک حزب المجاہدین گروپ کو کشمیری عوام کی آواز کے طور پر پیش کررہا تھا۔ پاکستان کی طاقتور فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوا اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے متعدد مرتبہ حزب المجاہدین کے مہلوک کمانڈر برہان وانی کی تعریف کی جو گذشتہ سال جولائی میں کشمیر میں ہوئے انکاونٹر میں ہلاک ہوگیا تھا۔ حزب المجاہدین کا قیام 1989 میں عمل میں آیا اور یہ کشمیر میں سرگرم بڑی اور قدیم عسکریت پسند تنظیم ہے۔ جموں کشمیر میں کئی حملوں کی ذمہ داری حزب المجاہدین نے قبول کی ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ کسی بھی بیرونی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ امریکی مالی اداروں، انفرادی شخص یا تنظیموں کا کوئی تعلق برقرار نہیں رہ سکتا۔ اس کے علاوہ امریکی ایجنسیاں اور دیگر حکومتیں مل کر ایسی تنظیم کی سرگرمیوں کو روک سکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT