Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / حسن نگر کے پلاسٹک گودام میں مہیب آگ، لاکھوں روپئے مالیت کی اشیاء خاکستر

حسن نگر کے پلاسٹک گودام میں مہیب آگ، لاکھوں روپئے مالیت کی اشیاء خاکستر

حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) بہادر پورہ حسن نگر میں ایک پلاسٹک گودام میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں لاکھوں روپئے کے اشیاء جل کر خاکستر ہوگئے ۔ رات دیر گئے پرائم پلاسٹک گودام میں اچانک آگ لگنے کے سبب علاقہ میں دھواں پھیل گیا تھا جس کے نتیجہ میں مقامی عوام نے پولیس کو آگاہ کیا جس کے فوری بعد حیدرآباد اور رنگاریڈی سے وابستہ چار فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب رات دیر گئے بھڑک اٹھی اس آگ پر قابو پانے کیلئے فائر انجن عملہ نے 20 سے زائد پانی کے ٹینکرس کا استعمال کیا اور صبح کی اولین ساعتوں میں آگ پر قابو پایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ نے حسن نگر کے رہائشی علاقوں میں سنسنی پیدا کردی اور مقامی عوام بھی مہیب آگ کے منظر کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں جمع ہوگئے۔ بہادر پورہ پولیس کے عملہ نے فائر انجن عملہ کی مدد سے گودام میں موجود کئی گیاس سیلنڈرس کو وہاں سے باہر نکالا جس سے بڑا واقعہ ٹل گیا ۔ سٹی پولیس کے سراغ رساں دستے کلوز ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ۔ پلاسٹک گودام کے مالک بلال احمد نے بہادر پورہ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس پر ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔ سب انسپکٹر بہادر پورہ مسٹر وینکٹا شیوا راؤ نے بتایا کہ اس حادثہ میں تقریباً 10 لاکھ سے زائد کا مال جلکر خاکستر ہونے کا شبہ کیا جارہا ہے  ۔

TOPPOPULARRECENT