حسن و دلکشی کیلئے زیورات کا استعمال

   

عورت کا حسن زیور کے بغیر مکمل نہیں ہوتا ۔ نسوانی حسن کو اُجاگر کرنے کیلئے زیور کا پہننا ضروری سمجھا جاتا ہے لیکن ایک بات افسوسناک ہے اور وہ یہ کہ خواتین زیور کا انتخاب ان کی چمک دمک کو دیکھ کر کرتی ہیں اور اپنے چہرے کی بناؤٹ کو مدنظر نہیں رکھتیں جس کی وجہ سے زیور ان پر زیادہ نہیں جچتا ۔ زیور خریدنے سے پہلے اپنے چہرے کی بناؤٹ کو ضرور مدنظر رکھیں اور اسی لحاظ سے زیور خریدیں اگر آپ چوکور چہرے کی مالک ہیں توآپ کو گول یا پھر لمبوتری شیپ کے زیورات پہننے چاہئیں۔ موٹی گردن کیلئے ہلکے زیورات استعمال کئے جائیں اور لمبی گردن کیلئے چوڑے زیورات موزوں رہتے ہیں ۔ ایسی خواتین جن کا چہرہ گول بناؤٹ کا ہو انہیں چوکور یا مستطیل شکل کے زیورات پہننے چاہئیںاور اگر گول چہرے کے ساتھ گردن بھی موٹی ہو تو ان پر ہلکے ہلکے زیورات اچھے لگتے ہیں ۔ بیضوی چہرے والی خواتین کو ہر قسم کے زیورات بھلے لگتے ہیں ۔ اور ان کی گردن موٹی ہو تو انہیں ہلکا زیور پہننا چاہئے ۔ لمبوترے چہرے والی خواتین کو گول چوکور شکل کے زیورات زیادہ خوبصورت معلوم ہوتے ہیں ۔ انہیں لمبوتری شکل کے زیورات ہرگز نہیں پہننے چاہئیں ۔ کیونکہ اس سے ان کی شخصیت دب جاتی ہے ۔ زیورات میں آپ ہیرے جواہرات اپنی مرضی سے جڑواسکتی ہیں۔ آج کل جواہرات کا استعمال بہت عام ہوگیا ہے ۔ خاص کر عورتیں بھاری بھرکم زیورات پہننا پسند کرتی ہیں اور ان میں شوخ رنگوں کے نگینے جڑواتی ہیں بہرحال زیورات میں آپ جواہرات اپنی مرضی اور پسندیدہ رنگ کے جڑواسکتی ہیں ۔ لیکن اگر وہ زیور کی ساخت سے میچ نہ کھارہے ہوں تو زیادہ بھلے نہیں لگیں گے مثلاً ہلکے پھلکے زیورات میں دھیمے رنگوں کے جواہرات ہی بھلے لگتے ہیں اور بھاری زیور میں شوخ رنگ بھی جچتے ہیں ۔ زیورات میں جواہرات کا انتخاب آپ اپنے لباس کے رنگ کے مطابق بھی کرسکتی ہیں۔ زیورات تیار کروانے سے پہلے ماہر جوہری سے ضرور مشورہ کرلینا چاہئے کیونکہ ماہر جوہری چہرے کی بناؤٹ کے لحاظ سے زیور تیار کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔