Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / حسین ساگرکو آئندہ گرما تک آلودگی سے پاک کیا جائیگا: کے ٹی آر

حسین ساگرکو آئندہ گرما تک آلودگی سے پاک کیا جائیگا: کے ٹی آر

حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ حسین ساگر کو آئندہ گرما تک آلودگی سے پاک بنایا جائیگا۔ اس کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آنے والے گرما کے دوران عوام کو حسین ساگر کی سیر فرحت بخش ثابت ہوگی۔ وزیر کمرشیل ٹیکس ٹی سرینواس یادو اور کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی کے ہمراہ  حسین ساگر نیکلس روڈ پر صفائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حسین ساگر کی صفائی میں بلدی عہدیدار تیزی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کی ستائش کی کہ وہ اس کام کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ وہ حسین ساگر کی صفائی کیلئے حکومت کی کوششوں کا مذاق اُڑا رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی جس وقت اقتدار میں تھی اسوقت حسین ساگر کی صفائی کا کام انجام دینے میں ناکام رہی۔ ٹی آر ایس حکومت نے حسین ساگر کی صفائی کو یقینی بناتے ہوئے تمام رکاوٹوں کو دور کردیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ہمیشہ مسائل پیدا کئے ہیں اس کے باوجود حکمراں پارٹی اپنے ترقیاتی منصوبوں کو جاری و ساری رکھے گی۔ حسین ساگر کو پینے کے پانی کا ذخیرہ میں تبدیل کرنے کے منصوبہ پر تیزی سے عمل کیا جائے گا اور یہ منصوبہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا خواب ہے۔ مستقبل قریب میں اس خواب کی تعبیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عثمان ساگر کے اطراف بھی چہل قدمی اور سیکل رانی کی راہداری بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق محکمہ آبرسانی 58کروڑ کی لاگت سے کوکٹ پلی تا میریٹ ہوٹل 2.85کیلو میٹر کی ڈرینج لائن بچھارہی ہے جو گندے پانی کی نکاسی کیلئے اہم ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ڈرینج کے پانی کا رُخ موڑ دینے کا کام پہلے ہی پورا ہوچکا ہے اور اب حسین ساگر میں کوئی گندہ پانی جمع نہیں ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT