Monday , May 29 2017
Home / شہر کی خبریں / حسین ساگر کے اطراف مفت وائی فائی کی خدمات سے محروم

حسین ساگر کے اطراف مفت وائی فائی کی خدمات سے محروم

چارمینار کے قریب ناقص وائی فائی ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا منصوبہ خواب غفلت کا شکار
حیدرآباد۔3مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے مفت وائی فائی خدمات کی فراہمی اور ان میں بتدریج توسیع دینے کا جو اعلان کیا تھا اس پر کس حد تک عمل آوری ممکن بنائی گئی ہے اس کے متعلق کوئی بھی جواب دینے سے قاصر ہے۔ حکومت تلنگانہ نے شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل کروانے کی غرض سے متعدد اعلانات کئے تھے جن میں شہر کے بیشتر مقامات پر مفت وائی فائی خدمات کی فراہمی کا اعلان بھی شامل تھا لیکن ان اعلانات اور چند یوم خدمات کی فراہمی کے بعد مفت وائی فائی کی یہ خدمات وسعت حاصل کرنے کے بجائے سکڑتی جا رہی ہیں۔ حسین ساگر کے اطراف سیاحوں کی سہولت کے لئے مفت وائی فائی خدمات کی فراہمی کے اعلان کے چند ماہ تک اس علاقہ میں بہترین وائی فائی خدمات فراہم کی جاتی رہی لیکن حالیہ عرصہ میں یہ دیکھا جا رہاہے کہ اس علاقہ میں موجود خدمات صرف پیپلز پلازہ کی حد تک محدود ہو چکی ہیں۔ حکومت نے مفت وائی فائی کے ذریعہ شہر حیدرآباد کو عالمی شہروں سے مربوط رکھنے کی جو کوشش شروع کی تھی وہ ناکام ہوتی نظر آرہی ہے کیونکہ حکومت معیاری وائی فائی خدمات کی فراہمی میں ناکام ہوتی جا رہی ہے اور اس ناکامی کیلئے کوئی جوابدہ نہیں ہے کیونکہ ان سے کوئی سوال کرنے والا ہے ہی نہیں۔ ریاستی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے شہر کے 100سے زائد مقامات پر مفت وائی فائی خدمات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اور چند ایک مقامات پر تیزی کے ساتھ خدمات کا آغاز بھی کردیا گیا لیکن ان خدمات میں وسعت کے متعلق کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔ تاریخی چارمینار کے قرب بھی مفت وائی فائی خدمات کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا اور خود ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے افتتاح انجام دیا تھا لیکن آج بھی چارمینار کے قریب معیاری وائی فائی خدمات ایک خواب ہے کیونکہ یہاں پہلے تو وائی فائی سے فون کو مربوط کرنے کیلئے 5تا10منٹ درکار ہوتے ہیں اور جب وائی فائی خدمات شروع ہوجاتی ہیں تو اندرون 15منٹ خدمات کے بند ہونے کی اطلاعات شروع ہوجاتی ہیں اور استعمال کنندہ کو اضافی استعمال کے کیلئے پیاکیج خریدنے کا مشورہ دیا جانے لگتا ہے اور شہر میں کسی ایک جگہ 10تا15منٹ وائی فائی خدمات سے استفادہ کرنے والا شہری کسی دوسرے مقام پر وائی فائی استعمال کا اہل نہیں ہوتا اگر اسے وائی فائی خدمات سے استفادہ کرنا ہے تو اسے پیاکیج خریدنا لازمی ہوجاتا ہے ۔ شہریو ںکا یہ احساس ہے کہ اس مفت وائی فائی خدمات کے نام پر انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیاں اپنے ڈاٹا کی فروخت کو ممکن بنا رہی ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT