Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کے عرس کا آغاز

حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کے عرس کا آغاز

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے خصوصی چادرروانہ

حیدرآباد۔ 13۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجمیر شریف کیلئے چادر روانہ کیا ہے۔ آج کیمپ آفس میں چیف منسٹر نے وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کی موجودگی میں یہ غلاف اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے حوالے کیا۔ ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کے بعد سے چیف منسٹر کی جانب سے ہر سال اجمیر کو خصوصی غلاف روانہ کیا جارہا ہے۔ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی عرس تقاریب کا آغاز ہوچکا ہے۔ کیمپ آفس میں غلاف کی حوالگی کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، ریاستی وزراء این اندرا کرن ریڈی ، لکشما ریڈی ، رکن اسمبلی عامر شکیل ، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور دوسرے موجود تھے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ آج رات جئے پور روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ جمعرات کی صبح اجمیر شریف پہنچیں گے اور صبح 9 بجے چادر پیش کریں گے۔ چیف منسٹر کی جانب سے 51,000 روپئے بطور نذرانہ پیش کیا جائے گا۔ غلاف کی تیاری پر 60,000 روپئے کا خرچ آیا ہے۔ نذرانہ اور غلاف کی تیاری کا خرچ وقف بورڈ کی جانب سے ادا کیا گیا۔ توقع ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی چادر کی پیشکشی کے موقع پر موجود رہیں گے۔ چیف منسٹر نے اقلیتی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جئے پور میں حکومت راجستھان کے وزیر اقلیتی بہبود اور عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ رباط کی تعمیر کیلئے اراضی کی منظوری کی نمائندگی کریں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے عازمین کی سہولت کیلئے رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ راجستھان حکومت سے خواہش کی گئی کہ وہ موزوں مقام پر اراضی الاٹ کرے۔ اس سے قبل محمد محمود علی اس مسئلہ پر چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سے ملاقات کرچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT