Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حضرت وطنؒ کا کلام تشنگان حق کیلئے سکون قلب کا موجب

حضرت وطنؒ کا کلام تشنگان حق کیلئے سکون قلب کا موجب

راہ سلوک اور عصر حاضر کے اجتماع سے مولانا پیر نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد۔/8مئی، ( پریس نوٹ ) خانوادے حضر ت سید افتخار علی شاہ وطن ؒ ( چشتی چمن ) کے وارث مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری جانشین حضرت پیر چشتی سید ولی اللہ حسینی قبلہ افتخاری ؒ نے آج یہاں کہا کہ بے چین و بے قرار انسانیت کو سکون قلب کے لئے راہ سلوک پر عمل ہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت وطن ؒ نے اپنے کلام ’ دیوان وطن ‘ میں تشنگان حق کے لئے قرب الہی کے لئے تصوف کو جس انداز میں پیش کیا ہے وہ ہر دور میں اہل طریقت کے لئے مشعل راہ ہے۔ مولانا پیر نقشبندی جشن معراج النبی ؐ و عرس شریف حضرت وطن ؒ کے چشتی چمن میں منعقدہ سہ روزہ تقاریب کے اختتام کے بعد آج اتحاد بھون بنجارہ ہلز حیدرآباد میں بیرونی مقامات سے آئے ہوئے سلسلہ افتخاریہ کے عقیدتمندوں کے ایک اجتماع سے ’’ راہ سلوک اور عصر حاضر ‘‘ کے زیر عنوان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ پیر نقشبندی نے حضرت وطنؒ کو سچا عاشق صاحب معراج ؐ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکار مدینہ سے حضرت وطنؒ کی محبت اور عشق کا یہ عالم تھا کہ آپؒ نے اپنی زندگی ہی میں بڑے ہی اہتمام کے ساتھ جشن معراج النبی ؐ کا اہتمام کیا کرتے تھے اور اپؒ نے اپنے خانوادوں کو یہ وصیت فرمائی کہ وہ آپ کا کوئی علحدہ عرس ہرگز نہ کریں بلکہ کہا کہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن میں ہی غلام کے نام کو شامل کیا جائے۔ چنانچہ ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ سے یہ روایات سلسلہ افتخاریہ میں جاری ہے۔ مولانا پیر نقشبندی نے اہل سلسلہ پر زور دیا کہ وہ ہر حال میں قرآن پاک سے اپنی نسبت مضبوط بنائیں اور صاحب قرآن سے وابستگی کے رشتہ کو اٹوٹ رکھتے ہوئے درگاہوں، خانقاہوں میں ایسی کوئی حرکت ہرگز نہ کریں جوکہ ان اولیاء اللہ کی تعلیمات کے مغائر ہے۔ ابتداء میں کنوینر اجتماع مولانا سید حبیب امام قادری مشائخ بالاپور نے خیرمقدم کیا۔

TOPPOPULARRECENT