Thursday , August 24 2017
Home / عرب دنیا / حلب کے اہم مقامات پرشامی فوج کا دوبارہ قبضہ

حلب کے اہم مقامات پرشامی فوج کا دوبارہ قبضہ

دمشق ۔ 4 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) شام کے سرکاری ٹیلی ویڑن نے ایک نشریے میں دعویٰ کیا ہے کہ صدر بشارالاسد کی وفادار فوج نے شمالی شہر حلب کے جنوب مشرق میں واقع ایک اہم شاہراہ کا دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔داعش کے جنگجوؤں نے گذشتہ ماہ اس شاہراہ پر قبضہ کر لیا تھا اور یہ شہر میں سرکاری فوج کو سامان رسد پہنچانے کا واحد روٹ تھی۔سرکاری ٹیلی ویڑن نے اطلاع دی ہے کہ مسلح افواج نے اس شاہراہ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔یہ شاہراہ حلب کو جنوبی شہروں حماہ اور حمص سے ملاتی ہے اور جنوبی قصبوں خانسر اور اطہریہ سے ہوکر گذرتی ہے۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اس اطلاع کی تصدیق کی ہے۔یہ شاہراہ اسدی فوج کے کنٹرول والے مغربی علاقوں میں سامان رسد پہنچانے کے لیے اہم روٹ ہے۔داعش اور دوسرے باغی گروپوں نے حلب شہر کے مشرقی حصوں پر قبضہ کررکھا ہے اور ان کی شامی فوج کے ساتھ گذشتہ قریباً دو سال سے لڑائی ہورہی ہے۔داعش کے جنگجوؤں نے گذشتہ ماہ اس شاہراہ پر واقع شامی فوج کے بیشتر چیک پوائنٹس پر قبضہ کر لیا تھا اور انھوں نے وہاں سے اسلحے اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی قبضہ کرلیا تھا۔حلب شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے شامی فوجیوں اور ان کے اتحادی حزب اللہ کے جنگجوؤں کی داعش اور دوسرے باغی گروپوں کے ساتھ خونریز جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیائیں حلب کے جنوبی علاقوں سے باغیوں کو نکال باہر کرنے پر زور صرف کررہی ہیں۔شامی فوج شہر کے مشرق میں ایک فوجی ہوائی اڈے کی جانب بھی پیش قدمی کی کوشش کررہی ہے۔اس ہوائی اڈے کا داعش اور دوسرے مزاحمت کاروں نے محاصرہ کررکھا ہے۔

TOPPOPULARRECENT