Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حلقہ اسمبلی راجندر نگر کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کا عزم

حلقہ اسمبلی راجندر نگر کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کا عزم

شاستری پورم میں پارٹی آفس کا افتتاح، پرکاش گوڑ
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے شاستری پورم میں پارٹی آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے عوام نے انہیں جو حق دیا ہے اس کو کوئی چھین نہیں سکتا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے تعاون سے حلقہ اسمبلی راجندر نگر کو ملک کے مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پرکاش گوڑ نے سینکڑوں مقامی عوام کی موجودگی میں آج شاستری پورم میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح کیا۔ مقامی عوام نے ان کا والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا۔ محمد فاروق کی قیادت میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس اسٹیٹ اقلیتی سیل کے جنرل سکریٹری عبدالمقیت چندہ کے علاوہ شاستری پورم ڈیویژن ٹی آر ایس کے صدر مکرم خان، راجیش یادو، عمربن عود، سید بابر شاہ کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ دوران خطاب ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے عوامی منتخب نمائندہ ہیں اور اپنے حلقہ میں ترقیاتی کام انجام دینا اور فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے کیلئے عوام سے تعاون کرنا ان کی دستوری ذمہ داری ہے۔ ٹی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے اور چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے عوام کے درمیان رہ کر کام کرنے کی ہدایت دی ہے اور ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ہے۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کافی سنجیدہ ہے اور ٹی آر ایس اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے جو چیف منسٹر کی ہدایت پر ہی ہے وہ اپنے حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے تمام ڈیویژنس اور محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام نے انہیں حلقہ اسمبلی راجندر نگر سے کامیاب  بناکر کام کرنے کا جو حق دیا ہے وہ کوئی چھین نہیں سکتا اور نہ ہی وہ ڈرانے، دھمکانے اور غنڈہ گردی کرنے سے ڈر کر اپنے قدم پیچھے ہٹانے والے ہیں۔ وہ خدمات کیلئے ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے۔ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس اسٹیٹ اقلیتی سیل عبدالمقیت چندہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جمہوری ملک ہے اور رائے دہندے اپنے خدمت گذار کا انتخاب کرتے ہیں۔ ٹی پرکاش گوڑ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے عوامی منتخب نمائندہ ہیں اور حلقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ حکومت کے تازہ قواعد کے مطابق شادی مبارک اسکیم پر عمل آوری کیلئے مقامی رکن اسمبلی کی درخواست پر دستخط ضروری ہے۔ اس اسکیم سے غریب مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے پرکاش گوڑ کا تعاون بے حد لازمی ہے۔ مسابقت کی صورت میں ہی عوامی مسائل حل ہوتے ہیں اور ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ ایک منتخب عوامی نمائندے کو اپنے حلقہ میں ترقیاتی کام انجام دینے سے روکناجرم کے مترادف ہے۔ صحتمندانہ ماحول کے بغیر غریب عوام کی ترقی ممکن نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT