Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / حمایت بیگ کی سزائے موت کالعدم

حمایت بیگ کی سزائے موت کالعدم

پونے جرمن بیکری کیس میں شواہد کی کمی پرممبئی ہائیکورٹ کا فیصلہ
ممبئی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پونے جرمن بیکری دھماکے کیس 2010 ء میں واحد سزائے موت یافتہ حمایت بیگ کو آج بڑی راحت حاصل ہوئی ۔ ممبئی ہائیکورٹ نے اس کیس میں ناکافی شواہد کے باعث ان کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیا ۔ استغاثہ ان کے خلاف شبہات سے بالاتر شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ۔ جسٹس ایچ ایچ پاٹل اور ایس بی شیوکرے پر مشتمل ایک ڈیویژن بنچ نے دھماکہ کیس میں اپنے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حمایت بیگ کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ہیں ۔ اس اعلان سے ریاستی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کیلئے پریشانی ہوئی ہے ۔ تاہم 35 سالہ حمایت بیگ کی سزا اور دھماکو اشیاء (آر ڈی ایکس) رکھنے کے الزام کے تحت دی گئی عمر قید کی سزاء کی توثیق کردی ہے ۔ استغاثہ کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی نے حمایت بیگ کی لاتور رہائش گاہ سے 1200 کیلو گرام آر ڈی ایکس برآمد کیا تھا ۔ ستمبر 2010 ء میں ان کی گرفتاری کے بعد یہ دھماکو اشیاء ضبط کرلی گئی تھی ۔ ممبئی ہائیکورٹ نے سخت ترین قانون غیر قانونی سرگرمیاں انسداد قانون کے دفعہ 120B (مجرمانہ سازش) ، 302 قتل اور 307 اقدام قتل کے علاوہ دیگر مختلف دفعات کے تحت دی گئی سزائے موت کو برخاست کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دیا ۔ البتہ انہیں دیگر دھماکو اشیاء رکھنے کے دفعات کے تحت سزائے عمر قید کی توثیق کی ۔

حمایت بیگ جو کالا شرٹ اور نیلی جینس پینٹ زیب تن کی تھی عدالت میں جج کے فیصلہ کے وقت موجود تھے ۔عدالت نے کہا کہ حمایت بیگ نے اپنی گرفتاری کے بعد سے آج کی تاریخ تک جیل میں گزارے ہیں ۔ اس مدت کو سزاء کے طور پر تصور کیا جائے ۔ ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ اس کیس میں دو گواہوں کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں پر کوئی حکم  جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کیوں کہ ان الزامات سے بیگ کو بری کردیا گیا ہے ۔ جب حمایت بیگ نے اپنی سزائے موت کو چیلنج کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں اپیل داخل کی تھی اس کیس کے دو گواہوں نے بھی درخواست داخل کرکے استدعا کی تھی کہ ان کے بیانات کو دوبارہ ثبوت کے طور پر ریکارڈ کیا جائے لیکن جج نے درخواست پر فیصلہ دینے کو ضروری قرار نہیں دیا ۔ حمایت بیگ کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ستمبر 2010 ء میں انڈین مجاہدین تنظیم کے دہشت گرد کی حیثیت سے گرفتار کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT