Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / حمیرہ زیرقیادت یو اے ای کرکٹ ٹیم جی سی سی چمپئن

حمیرہ زیرقیادت یو اے ای کرکٹ ٹیم جی سی سی چمپئن

حیدرآبادی لڑکی کا قطر میں منعقدہ T-20 چمپئن شپ میں عمدہ مظاہرہ ، یو اے ای کا ٹائٹل برقرار
دبئی ، 7 ڈسمبر (ای میل) یوں تو حیدرآباد سے کھیلوں میں بے شمار سپوتوں نے مختلف سطح پر نام روشن کیا ہے مگر بالخصوص مسلم برادری کی طرف سے ویمنس کرکٹ میں شاید ہی کسی نے کوئی خاص کارنامہ انجام دیا ہے۔ تاہم اب یہ بات نہیں کہی جاسکتی کیونکہ حیدرآباد کی لڑکی حمیرہ تسنیم اس شعبے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شہ سرخیوں میں آرہی ہے۔ بنیادی طور پر رائٹ آرم لیگ اسپنر حمیرہ نے اپنی مفید بیٹنگ اور کارگر فیلڈنگ کے ذریعے خود کو آل راؤنڈر کی حیثیت سے منوایا ہے۔ چنانچہ حمیرہ کی قیادت میں یو اے ای ویمنس کرکٹ ٹیم نے حالیہ T20 جی سی سی (خلیج تعاون کونسل) ٹورنمنٹ منعقدہ قطر جیت لیا، جس میں میزبانوں کے علاوہ عمان نے بھی حصہ لیا۔ وہ قطر کے خلاف ’پلیئر آف دی میچ‘ رہیں۔ یو اے ای نے یہ ٹورنمنٹ لگاتار دوسری مرتبہ جیتا ہے۔ فتح کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے حمیرہ نے بتایا کہ قطر کرکٹ اسوسی ایشن کے انتظامات عمدہ رہے، جہاں کھیلتے ہوئے انھوں نے فخر محسوس کیا اور یو اے ای کی پوری ٹیم کو اپنی حقیقی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کا اچھا موقع ملا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کی دیگر لڑکیوں نے بھی اچھا کھیلا، جس کے سبب یو اے ای ٹیم اپنے خطاب کو برقرار رکھ پائی ہے۔ یو اے ای کی کپتان نے اپنی ٹیم کی کامیابی پر کہا کہ وہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے مظہر خان اور ٹیم کوچ محمد حیدر کی شکرگزار ہیں، جنھوں نے نہ صرف حمیرہ اور اُن کی ٹیم پر بھروسہ کیا بلکہ ساری ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔ جناب محمد حامد کی دختر حمیرہ امریکن یونیورسٹی شارجہ میں آرکیٹکچر (سال سوم) کی طالبہ ہے۔ وہ جناب سید اقبال احمد آرکیٹکٹ ریٹائرڈ جوائنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کی نواسی اور جناب مجیب الدین احمد حال مقیم امریکہ کی پوتی ہوتی ہیں۔ حمیرہ کو بچپن سے کھیل کود کی سرگرمیوں سے دلچسپی رہی ، یہاں تک کہ انڈر 19 یو اے کرکٹ ٹیم کی کپتان کی حیثیت سے انھوں نے اے سی سی (ایشین کرکٹ کونسل) کے مقابلے سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ میں کھیلے۔ 2013ء میں حمیر کو یو اے ای پلیئر آف دی ایئر کاایوارڈ ماضی کے مشہور پاکستانی کرکٹر ظہیر عباس کے ہاتھوں حاصل ہوا، جو موجودہ صدر آئی سی سی(انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) ہیں۔ حمیرہ کی کھیلوں سے دلچسپی کا یہ بھی ایک ثبوت ہے کہ وہ باسکٹ بال بھی خاصا اچھا کھیلتی ہیں۔ دہلی پرائیویٹ اسکول شارجہ کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے آل انڈیا اسکول ٹورنمنٹ کلسٹر کے تحت ہندوستانی شہروں راجستھان اور چینائی میں کھیلا ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ وہ امریکی یونیورسٹی شارجہ کی ٹیم میں بھی رہیں، جس نے یورو کیمیلاز اسپین میں انٹر یونیورسٹی باسکٹ بال ٹورنمنٹ میں حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT