Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومتیں انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام

حکومتیں انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام

کانگریس کا اسمبلی حلقوں میں 19تا 28فبروری احتجاجی لائحہ عمل
حیدرآباد ۔13فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاستی و مرکزی حکومتوں کی جانب سے وعدوں سے انحراف کے خلاف 19 تا 28 فبروری ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں ’’ جانا اویدنا سمیلن ‘‘ احتجاجی پروگرامس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدر کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے صدارت کی ۔ صدر اے آئی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے راجو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ‘ دیگر مہمانوں میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر ‘ ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک ‘ سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا ‘ ریاست کے انچارج کے بی کرشنا مورتی ‘ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ‘ جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ‘ محمد مقصود احمد ‘ سید عظمت اللہ حسینی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس اور مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے ‘ باوجود اس کے کے سی آر اور نریندر مودی نے ریاست اور ملک کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کو آج تک پورا نہیں کیا ۔ دونوں حکومتوں کے خلاف 19 تا 28 فبروری ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ جس میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کے بشمول دوسرے قومی قائدین شرکت کریں گے ۔ اس طرح تمام اضلاع میں کانگریس کی جانب سے عوامی احتجاجی جلسے ‘ ریالیاں وغیرہ منظم کرتے ہوئے حکومت کی غفلت کے خلاف عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT