Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ سے ایم ڈی / ایم ایس فیس میں اضافہ نہ کرنے کی اپیل

حکومت تلنگانہ سے ایم ڈی / ایم ایس فیس میں اضافہ نہ کرنے کی اپیل

حکومت اور وزیر صحت سے نمائندگی ، عثمانیہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن تلنگانہ نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ خانگی میڈیکل کالجس میں پوسٹ گریجویٹ ایم ڈی / ایم ایس اور ڈپلومہ میرٹ نشستوں کی فیس میں اضافہ نہ کریں ۔ اسوسی ایشن نے بتایا کہ ایک سال قبل ہی فیس میں اضافہ کیا گیا تھا ۔ اسوسی ایشن کے قائدین ڈاکٹر پی ایس وجیندر گوڑ ( صدر ) ، ڈاکٹر انوشا چلیوری ( جنرل سکریٹری ) ، ڈاکٹر وی ابھیشک ( نائب صدر ) ، ڈاکٹر اے ایف محمد ندا اللہ ( جائنٹ سکریٹری ) نے آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ خانگی میڈیکل کالجس اس بات کے لیے کوشاں ہیں کہ وہ ایم ڈی / ایم ایس کی فیس میں اضافہ کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال ہی 3.2 لاکھ سے 12 لاکھ کردیا گیا تھا جو کہ 400 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ مینجمنٹ کوٹہ کے تحت فیس میں 5.8 لاکھ سے 25 لاکھ روپئے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خانگی کالجس نے داخلہ کونسلنگ میں شرکت نہیں کیا کیوں کہ ان کالجس نے فیس میں مزید اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں اس کونسلنگ میں عثمانیہ اور گاندھی میڈیکل کے سوا دیگر خانگی کالجس نے شرکت نہیں کی ۔ اسوسی ایشن نے خانگی کالجس سے خواہش کی کہ وہ فیس میں اضافہ کے مطالبہ سے دستبرداری اختیار کر کے داخلہ کونسلنگ میں شرکت کریں ۔ ڈاکٹرس نے مزید بتایا کہ وہ اسوسی ایشن کے ذریعہ وزیر صحت کے علاوہ پرنسپال سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت سے نمائندگی کی کہ وہ فیس میں قطعی طور پر اضافہ نہ کریں ۔ جس پر وزیر صحت نے غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ اسوسی ایشن نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ فیس میں اضافہ نہ کریں کیوں کہ ایم ڈی / ایم ایس کے طلبہ بھاری فیس ادائیگی کے متحمل نہیں رہتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے توقع ظاہر کی کہ وہ اسوی ایشن کی نمائندگی پر غور و خوض کر کے مثبت ردعمل ظاہر کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT