Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ شہری بالخصوص غرباء کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ

حکومت تلنگانہ شہری بالخصوص غرباء کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ

ملک پیٹ میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم کا سنگ بنیاد ، محمد محمود علی اور دیگر وزراء کا خطاب
حیدرآباد۔10ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میںڈبل بیڈورمس کے مکانات کی تعمیر کے اعلان کوعملی جامہ پہنانے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر کے مختلف سلم بستیوں میں مذکورہ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیرکے لئے سنگ بنیاد تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس چوراہے پر واقع پلی گوڈا سیلو سلم میںبھی تقریب منعقد ہوئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمو دعلی کے علاوہ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی‘ وزیر انفارمشین اینڈ ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو‘ وزیراسپورٹس وآبکاری ٹی پدما رائوگوڑ‘ وزیر ہاوزنگ سوسائٹی اندرا کرن ریڈی کے علاوہ بلدی برقی محکمہ آبرسانی اور مال کے عہدیدار بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نہایت سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے ۔پرانے شہر کی ترقی کے لئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو چنچلگوڑہ جیل اورریس کورس کو منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہاں کی زمین پرتعلیمی ادارے اور آئی ٹی پارک تعمیر کیا جائے ۔ تعلیمی اداروں میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم اور آئی ٹی پارک میںپرانے شہر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ کے ٹی راما رائو نے پرانے شہر کے ماضی کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سابق کی حکومتوں نے پرانے شہر کی ترقی کو نظر  انداز کیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے بھی فلاحی اسکیمات کا اعلان کیا مگر علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے قبل حکومت کی کوئی بھی فلاحی اسکیم پرانے شہر کی عوام تک پہنچنے سے قاصر رہی مگر حکومت تلنگانہ اٹھارہ ماہ کی اپنی کارکردگی کے دوران اعلان کردہ تمام اسکیمات میں پرانے شہر کی عوام کو شامل کرنے کے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو دوسال کا وقفہ گذر گیا اور مرکز میںبی جے پی حکومت کو اقتدار میں آئے اٹھارہ ماہ گذر گئے مگر وزیراعظم نریندر مودی نے اب تک تلنگانہ ریاست کا دورہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ کس منہ سے بی جے پی قائدین شہر حیدرآباد کے عوام سے ووٹ مانگیں گے۔ بعد ازاں پرانے شہر کے یاقوت پورہ‘ چندرائن گٹہ‘چارمینار‘کاروان اسمبلی حلقہ جات میں بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے ڈبل بیڈرومس مکانات کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا گیا۔

TOPPOPULARRECENT