Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ کی نااہلی سے کسانوں کی اموات

حکومت تلنگانہ کی نااہلی سے کسانوں کی اموات

جئے شنکر ضلع میں تلگودیشم کی رعیتو پورو یاترا، ریونت ریڈی ، آر چندرشیکھر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں کسانوں کے درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے ہی ’’ریتو پورو یاترا‘‘ منظم کی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں منظم کی جانے والی اس یاترا کا آج ضلع جے شنکر (بھوپال پلی) کے ویلیشالا پلی میں کارگذار صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی و قائد تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے آغاز کیا اور بتایا کہ زائداز 14 کیلو میٹر تک پدیاترا کرکے متعدد مواضعات میں کسانوں سے ملاقات کرکے اور اوپن کاسٹ مائننگ کے متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں اس موقع پر ریونت ریڈی کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے احکامات پر عمل آوری کے طریقہ کار، نقلی تخم کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کریں گے۔ تلگودیشم پارٹی قائدین نے بتایا کہ اس ریتو پورو یاترا کے انعقاد کا اہم مقصد کسانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔ اس دوران سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن پولیٹ بیوو تلگودیشم پارٹی مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کئی کسانوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ لیکن حکومت نے ان مہلوک کسانوں کے افراد خاندان سے کم از کم اظہار ہمدردی کی کوشش تک نہیں کی۔ انھوں نے کسانوں کو خشک سالی حالات سے ہوئے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے اور مہلوک کسانوں کے افراد خاندان کو بھی ایکس گریشیاء دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT