Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / حکومت تلنگانہ کی 26 جون کو نظام کالج گراؤنڈ پر دعوت افطار

حکومت تلنگانہ کی 26 جون کو نظام کالج گراؤنڈ پر دعوت افطار

دونوں شہروں اور تمام اضلاع کی مساجد و عیدگاہوں کو سجانے کی ہدایت، غریب مسلمانوں میں عید کے ملبوسات کی تقسیم کا فیصلہ، خصوصی اجلاس سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 14 جون (این ایس ایس) چیف منسٹر کلوا کنٹلہ چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ کی سرکاری مشنری کو عید رمضان المبارک سے قبل ساری ریاست اور بالخصوص دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں واقع تمام مساجد اور عیدگاہوں پر مؤثر انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے ساتھ آج یہاں اپنے کیمپ آفس پر اس ضمن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں انھوں نے کہاکہ 26 جون کو نظام کالج گراؤنڈ پر حکومت کی جانب سے مرکزی دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چھ دن تک دونوں شہروں کے علاوہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں واقع 95 اسمبلی حلقوں میں بڑے پیمانے پر رمضان المبارک کی خصوصی تقاریب کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ کے سی آر نے کہاکہ وہ 26 جون کو نظام کالج گراؤنڈ پر منعقد شدنی مرکزی دعوت افطار میں شرکت کریں گے اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اس تقریب میں تمام قائدین، ممتاز شخصیات، پیشوایان مذاہب، بیرونی ممالک کے سفیروں اور قونصلوں کو بھی مدعو کیا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی کی کہ ان تقاریب کے دوران تمام درکار سہولتوں کی بہ آسانی دستیابی کو بہرصورت یقینی بنایا جائے۔ کے سی آر نے عہدیداروں سے کہاکہ عیدالفطر کے موقع پر 17 تا 22 جون تمام مساجد اور دینی مدارس کے علاوہ یتیم خانوں میں دو لاکھ مسلمانوں میں مفت ملبوسات تقسیم کئے جائیں۔ کے سی آر نے تمام بڑی مساجد کو سجانے اور مصلیوں کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انھوں نے غریب مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے لئے تعلیم اور روزگار کے مواقع کا جائزہ بھی لیا۔ انھوں نے کہاکہ تاحال تین لاکھ مسلمانوں میں تقسیم اراضی کے موقف کا پتہ چلانے کے لئے تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاکہ ان اراضیات کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) سے جاری اعلامیہ کے مطابق اقلیتوں کی مدد کے لئے انعامی اراضیات کو فروغ دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT