Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت جاگی، تلنگانہ کے طلبہ کو راحت کی اُمید

حکومت جاگی، تلنگانہ کے طلبہ کو راحت کی اُمید

فیس باز ادائیگی کیلئے 3061 کروڑ 69 لاکھ روپئے کی اجرائی
حیدرآباد۔/19اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے طلباء سے کئے گئے وعدہ کے مطابق تعلیم کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہنے کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ کے طور پر 3061 کروڑ 69 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں آج سرکاری طور پر احکامات جاری کئے گئے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے فیس ری ایمبرسمنٹ کے طور پر اس قدر خطیر رقم جاری کی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طلباء کے علاوہ معذورین کیلئے یہ بجٹ جاری کیا گیا۔ بی سی ویلفیر کے تحت 1954 کروڑ 25 لاکھ، ایس سی ویلفیر کے تحت 517کروڑ 35لاکھ، ایس ٹی ویلفیر کے تحت 288 کروڑ 92 لاکھ ، اقلیتی بہبود کے تحت 300کروڑ 49لاکھ اور معذورین کیلئے 68لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ دو برسوں کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال طلباء کی فیس فوری طور پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ دو برسوں میں فیس کی عدم ادائیگی کے سبب طلباء کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متحدہ آندھرا پردیش کی حکومت نے طلباء کی فیس باز ادائیگی کا بجٹ مکمل جاری نہیں کیا تھا اور ٹی آر ایس حکومت نے بقایا جات ادا کئے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جاریہ سال ہر ماہ یا پھر ہر 3 ماہ میں فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم طلباء کے اکاؤنٹ میں راست طور پر جمع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT