Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / حکومت دہلی کے عہدیداروں سے پوچھ تاچھ سی بی آئی کے طریقہ کار پر چیف منسٹر کا اعتراض

حکومت دہلی کے عہدیداروں سے پوچھ تاچھ سی بی آئی کے طریقہ کار پر چیف منسٹر کا اعتراض

نئی دہلی۔/8مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی ارویند کیجروال نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ سی بی آئی نے ان کے عہدیداروں ( حکومت دہلی ) کو طلب کرنے کیلئے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جبکہ ایجنسی نے اس شکایت کو یکسر مسترد کردیا۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری راجندر کمار کے پرسنل اسٹاف سے پوچھ تاچھ کیلئے ارویند کیجروال نے خود منظوری دی تھی جس کا تذکرہ دہلی سکریٹریٹ کے تحریری مراسلہ میں کیا گیا۔ سی بی آئی نے چیف منسٹر کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ پوچھ تاچھ کیلئے عہدیداروں کو ٹیلی فون پر طلب کیا گیا اور بتایا کہ تما م کاروائیوں کی تکمیل مراسلت کے ذریعہ کردی گئی ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے اپنے ٹوئٹر پر یہ ادعا کیا تھا کہ ان کے اسٹاف کو بغیر نوٹس کے ٹیلی فون کے ذریعہ طلب کیا گیا اور تقریباً 150 عہدیداروں سے غیر مناسب طریقہ پر پوچھ تاچھ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی بات پوشیدہ نہیں رکھے گی لیکن سی بی آئی کو مناسب طریقہ پر عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداروں کو بیک وقت طلب کرنے سے دفاتر کا کام متاثر ہورہا ہے جبکہ سی بی آئی نے پرنسپال سکریٹری راجندر کمار کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلہ میں ان کے ماتحت عہدیداروں سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT