Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / حکومت سری لنکا پر سابق ایل ٹی ٹی ای کیڈرس کو زہریلے انجکشن دیئے جانے کا الزام

حکومت سری لنکا پر سابق ایل ٹی ٹی ای کیڈرس کو زہریلے انجکشن دیئے جانے کا الزام

کولمبو ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے تمل سیاستدانوں نے یہ الزام عائد کیا ہیکہ بازآباد کاری مراکز پر ایل ٹی ٹی ای کے زائد از 100 کیڈرس کو زہر کا انجکشن دیکر ہلاک کیا گیا جس کے بعد حکومت سری لنکا نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس الزام کی تردید کی ہے۔ کلیدی تمل پارٹی ٹی این اے کے سیاستدانوں اور تمل میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہیکہ تقریباً 104 سابق کیڈرس کو زہریلے انجکشن دیئے گئے جس کے بعد کئی کیڈرس جسمانی طور پر معذور بھی ہوگئے تھے۔ نارتھرن چیف منسٹر وی وگنیشورن نے کہا کہ امریکی فضائیہ کی طبی ٹیم جو فی الحال تمل اکثریت والے شمالی علاقے میں ہے، وہ ایل ٹی ٹی ای کے ایسے کیڈرس کا معائنہ کرے گی جو بازآباد کاری مراکز میں رہ چکے ہیں۔ وگنیشورن نے کہا کہ انجکشن دیئے جانے کے بعد وہ کیڈرس بیمار ہوگئے ہیں جبکہ ریاستی وزیردفاع روان وجے وردھنے نے اس الزام کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ جان کر بیحد دکھ ہوا کہ شمالی علاقہ سے تعلق رکھنے والے بعض وزراء ایک ایسے وقت جھوٹے الزام عائد کررہے ہیں جب حکومت شمالی علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل کی  یکسوئی کے مؤثر اقدامات کرنے کوشاں ہے۔ سرکاری ترجمان اور وزیرصحت رجیتا سنیارتنے نے بھی اس الزام کی تردید کی اور کہا کہ تمام کیڈرس کی صحت کی جانچ پڑتال مقامی ڈاکٹروں سے کروائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT