Wednesday , June 28 2017
Home / Top Stories / حکومت شمال مشرقی ہندوستان کو جنوب مشرقی ایشیاء کا گیٹ وے بنانے کوشاں

حکومت شمال مشرقی ہندوستان کو جنوب مشرقی ایشیاء کا گیٹ وے بنانے کوشاں

سڑکوں اور شاہراہوں کی ترقی کیلئے 40ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ‘ بھارت سیوا شرم سنگھ کی صدی تقاریب سے وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی / شیلانگ ۔ 7مئی ( سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی ہندوستان کو جنوب مشرقی ایشیاء کا گیٹ وے بنانے کے مقصد سے حکومت نے کئی بڑے انفراسٹرکچر پراجکٹس 7ریاستوں بشمول 40ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ‘ سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانے کیلئے کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج تاہم اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ شمال مشرقی ہند میں صرف گنگٹوک ایسا مقام ہے جسے ہندوستان کے 50 صاف ستھرے شہروں میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس علاقہ کے 12شہروں کا سروے کیا گیا تھا جو حالیہ ملک گیر صفائی سروے کا ایک حصہ تھا ۔ چار شمال مشرقی شہروں کو 100 اور 200 صاف ستھرے شہروں کے درمیان مقام حاصل ہوا ۔ صرف 7 شہر 200 اور 300کے درمیان اپنا مقام بناسکے ۔ شیلانگ 276 ویں مقام پر ہے ۔ انہوں نے پُرزور انداز میں کہا کہ صفائی اس علاقہ کے ہر شخص کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ۔ وہ ممتاز رضاکارانہ تنظیم ’’بھارت سیواشرم سنگھ ‘‘کی صدی تقاریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شیلانگ میں مخاطب کررہے تھے ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہمیں شمال مشرقی ہند کو جنوب مشرقی ایشیاء کا گیٹ وے بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ گیٹ وے گندہ رہے تو یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے عوام اور تنظیموں سے جیسے کے سنگھ ہے اپیل کی کہ وہ صفائی کی مہم میں متحد ہوجائیں ۔

انہوں نے کہا کہ  پورے شمال مشرقی علاقہ میں ترقی آزادی کے بعد کئی سال تک غیر متوازن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے تمام وسائل کے ساتھ یہ منصوبہ بناچکی ہے کہ بحیثیت مجموعی اور متوازن ترقی ریاستوں کی‘ کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ زور ربط کی بہتری پر ہوگا ۔ پورے علاقہ کو سیاحت کے مقاصد سے ترقی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات شمال مشرقی ہند کو جنوب مشرقی ایشیاء کا گیٹ وے بنانے میں مدد فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 40ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے شمال مشرقی ہند میں کی جارہی ہے ۔ 19بڑے ریلوے پراجکٹس بھی اس علاقہ میں شروع کئے گئے ہیں ۔ ہم برقی توانائی کی صورتحال پر بھی شمال مشرق میں بہتر بنارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاح اس علاقہ میں آسکیں ۔انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی شمال مشرقی ہند کو ’’اڑان ‘‘( پورے دیش کا عام ناگرک ) اسکیم کے تحت جلد ہی مربوط کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض چھوٹے ایئرپورٹس کو اس علاقہ میں ترقی دی جارہی ہے جب کہ شیلانگ ایئرپورٹ کے رن وے میں توسیع کی منظوری دی جاچکی ہے ۔ بھارت سیواشرم سنگھ رضاکاروں کا ایک ایسا نٹ ورک ہے جو پوری دنیا میں پریشانی کے شکار افراد کی مدد میں مصروف ہے ۔ سنگھ کی سماجی بہبود کی سرگرمیاں بشمول آفات سماوی سے راحت رسانی ‘ تعلیم کا پہلاؤ ‘ حفظان صحت کی سہولتوں کی فراہمی ‘ فنی مہارت کی تربیت اور قبائلیوں کی حالت کو بہتر بنانا وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے سنگھ کی ستائش کی کہ وہ آفات سماوی کے دوران روحانیت اور خدمت کو یکجا کررہی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT