Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت غریب افراد کو مکانات فراہم کرنے میں ناکام اسکیم پر عمل آوری کا مطالبہ ، تلنگانہ سی پی آئی ایم کا حکومت کو انتباہ

حکومت غریب افراد کو مکانات فراہم کرنے میں ناکام اسکیم پر عمل آوری کا مطالبہ ، تلنگانہ سی پی آئی ایم کا حکومت کو انتباہ

حیدرآباد /19 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی سی پی آئی ایم نے غریب افراد کو امکنہ جات بالخصوص ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے میں ناکام ہوجانے کا حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا اور فی الفور غریب عوام کیلئے مکانات فارہم کرنے کیلئے ڈبل بیڈروم اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر 25 اگست کو دفتر ہاوزنگ کارپوریشن کے روبرو احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری ریاستی سی پی آئی ایم تلنگانہ کمیٹی مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے یہ بات کہی اور بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کے ساتھ ہی غریب عوام کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کیلئے اسکیم کو روبہ عمل لانے کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن ایک طویل عرصہ گذرجانے کے باوجود آج تک اس اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوسکی ۔ جس کے باعث غریب عوام میں سخت ا ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ لہذا غریب عوام کی ان مشکلات اور تشویش کو دیکھتے ہوئے ہی سی پی آئی ایم تلنگانہ کمیٹی نے 25 اگست کو احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ لیکن سی پی آئی ایم حکومت کو سرکاری اراضیات فروخت کرنے سے باز رکھنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرے گی ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے سرکاری اراضیات فروخت کرنے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے حکومت تلنگانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سرکاری دواخانوں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور حکومت عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے پر کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT