Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ پر اٹل

حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ پر اٹل

تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات : وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا ادعا
ورنگل۔14نومبر (سیاست نیوز)  مسلمانوں کو 12% تحفظات بہرحال دئے جائیں گے ‘ سدھیر کمیشن رپورٹ آنے کے بعد اسمبلی میں بل پاس کیا جائے گا یا پھر ایڈوکیٹ جنرل  سے مشاورت کے بعد بی سی کمیشن کے ذریع تحفظات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدے سے ہٹنے والی نہیں ہے ‘ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے تلنگانہ حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے سیاست نیوز سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12%فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں سدھیر کمیشن قائم کی گئی جس میں ڈاکٹر شعبان ‘ ڈاکٹر امیر اللہ خان جیسے قابل ترین افراد شامل ہیں ۔ سدھیر کمیشن ہر شعبہ میں مسلمانوں کو مناسب حصہ داری کے سلسلہ میں مختلف تجاویز تیار کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن ملک کی بعض ممتاز شخصیتوں سے مشاورت کرے گا جن میں راجندر سنگھ سچر اور جسٹس کاٹجو دیگر شامل ہیں ۔ حکومت نے تلنگانہ کے مسلمانوں کی ترقی کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں مسلمانوں کو اونچا اٹھانے کیلئے حکومت کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے  ۔ بیرون ممالک میں  اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے طلبہ کیلئے 10لاکھ تک کی اسکالرشپ کی فراہمی کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ 210 منتخبہ طلبہ میں پہلی قسط جاری کردی گئی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت امریکہ ‘ کینیڈا ‘ آسٹریلیا ‘ برطانیہ اور سنگاپور کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ علاوہ اس کے تلنگانہ میں 6 اقامتی اسکول کام کررہے تھے لیکن چیف منسٹر نے اقلیتی طلبا و طالبات کیلئے 60 انگلش میڈیم اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نامپلی میں واقع ادارہ انیس الغرباء کا چیف منسٹر نے دورہ کیا ‘ بچوں سے ملاقات کی اور آر اینڈ بی کی ایک ہزارگز اراضی حاصل کرکے نئی عمارت تعمیر کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کیلئے 9.60کروڑ روپئے منظور کئے تاکہ سمینار ہال اور دیگر ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کی سارے ملک میں سراہنا کی جارہی ہے جس سے دلہن کے اکاؤنٹ میں 51 ہزار روپئے راست جمع کئے جارہے ہیں ۔ مسلمان ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کے وعدہ پر قائم رہتے ہوئے محمد محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT