Thursday , April 27 2017
Home / Top Stories / حکومت معاشی اصلاحات کے تسلسل کی سختی سے پابند

حکومت معاشی اصلاحات کے تسلسل کی سختی سے پابند

۔13 کروڑ امریکی ڈالر غیرملکی سرمایہ کاری کا ادعا ، متحرک گجرات چوٹی کانفرنس سے وزیراعظم کا خطاب

گاندھی نگر۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دو سالہ متحرک گجرات عالمی چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے تسلسل کی سختی سے پابندی کرے گی۔ سیاست اور معیشت کے پیمانے تبدیل کرتے ہوئے بدعنوانی سے پاک نظام حکومت فراہم کیا جائے گا اور ہندوستان کو کاروبار کیلئے آسان ترین ملک بنایا جائے گا۔ انہوں نے گاندھی نگر کو ’’مشرق کا ڈاؤس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو 500 سی ای اوز اور عالمی قائدین کی چوٹی کانفرنس کا میزبان بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول، کاروبار دوست بنانا اور سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ڈھائی سالہ دور حکومت میں ہندوستان میں 13 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی بعض غیرملکی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر ان کی حکومت سب سے زیادہ زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے کی معیشت میں ٹھوس بہتری سے اشارہ ملتا ہے کہ جی ڈی پی کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ افراط زر ، مالی خسارہ میں کمی آرہی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہورہا ہے اور راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان دنیا کی تیز ترین ترقی پذیر بڑی معیشت بن گیا ہے ، حالانکہ عالمی سطح پر معیشتیں انحطاط کا شکار ہیں۔ ہندوستان عالمی معیشت میں ایک درخشاں ملک بن گیا ہے۔ ہمیں معاشی فروغ کے مرکز کی حیثیت سے دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی دفعات اور طریقہ کار میں معقولیت پیدا کی گئی ہے۔ ہم سینکڑوں نکات پر مختلف شعبوں میں عمل آوری کررہے ہیں جن کا مقصد باقاعدہ بنانے والے چوکھٹے کو بہتر بنانا ہے۔ یہ اچھی حکمرانی کے ہمارے تیقن کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی بہترین عمل کے قریب پہنچ رہا ہے۔ حکومت پراعتماد ہے اور ہماری پالیسیاں اور عوامل مثبت ہیں۔ ان کا اچھا اثر ہورہا ہے۔ اس سے کام کے طریقوں میں سادگی آرہی ہے اور کاروبار کے لئے ہندوستان ایک بہترین ملک سمجھا جارہا ہے۔

وزیراعظم کی صدر روانڈا سے ملاقات
30 لاکھ امریکی ڈالر امداد اور 8 کروڑ 10 لاکھ قرض
وزیراعظم نریندر مودی نے صدر روانڈا پال کاگیم سے گاندھی نگر میں عالمی چوٹی کانفرنس کے دوران علیحدہ طور پر ملاقات کرکے باہمی تعلقات پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا۔ دفاعی شراکت داری اور دیگر شعبوں میں تعلقات میں بہتری سے اتفاق کیا گیا۔ نریندر مودی نے روانڈا کو 30 لاکھ امریکی ڈالر امداد اور 8 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیتی قرض فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ دونوں نے آئندہ پانچ سال میں باہمی تجارت میں اضافہ سے بھی اتفاق کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT