Wednesday , August 16 2017
Home / اضلاع کی خبریں / حکومت کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش

حکومت کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش

ظہیرآباد /19 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی آر ایس کے سرکردہ لیڈر و سابق ریاستی وزیر جناب محمد فریدالدین نے کل شام یہاں انسپکشن بنگلہ میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرنشین پبلک اکاونٹس کمیٹی و رکن اسمبلی ظہیرآباد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی جانب سے شادی مبارک و کلیان لکشمی اسکیمات پر تاحال خرچ کی گئی رقومات کے اعداد و شمار غلط پیش کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر گیتا ریڈی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ ایک اہم عہدہ پر فائز رہتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرگیتا ریڈی نے 2014-15 کے دوران مذکورہ اسکیمات پر خرچ کی گئی رقومات کا ہی تذکرہ کیا جبکہ 2015-16 کے دوران خرچ کی گئی رقومات کا تذکرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی ہے کہ ریاستی حکومت نے مذکورہ اسکیمات پر تاحال 26 کروڑ روپئے ہی خرچ کئے ہیں ۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014-15 کے دوران مذکورہ اسکیمات کے تحت 27.61 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ تاحال ان اسکیمات پر 537 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے دور حکومت میں انجام دئے جارہے ترقیاتی کاموں کا سہرا اپنے سر باندھنے کا ڈاکٹر گیتا ریڈی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ مستقر ظہیرآباد میں 100 بستروں والا سرکاری دواخانہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دور حکمرانی قائم کیاگیا لیکن افسوس کہ تاحال اس دواخانہ کو ضروری آلات لیس کرنے کیلئے ریاستی حکومت سے موثر نمائندگی نہیں کی جبکہ وہ اڈوائزری کمیٹی کی چیرپرسن ہیں ۔ انہوں نے مہیندرا اینڈ مہیندرا ٹراکٹر یونٹ کے قیام کو ڈاکٹر ریڈی کی جانب سے اپنا کارنامہ قرار دینے پر بھی سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر گیتا ریڈی نے اپنے دور اقتدار میں درج فہرست ذاتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا ۔ انہوں نے حقائق بیانی سے کام لینے کا ڈاکٹر گیتا ریڈی کو مشورہ دیا ۔ اس موقع پر سرکردہ قائدین مسرز چنوری لاونیا صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد ،چرنجیوی پرساد صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد ، ایس ویجناتھ صدر ٹی آر ایس ظہیرآباد منڈل رویندر صدر ٹی آر ایس نیالکل منڈل ، وجیندر ریڈی صدر ٹی آر ایس بھرہ سنگم منڈل ، محمد یعقوب صدر ٹی آر ایس ظہیرآباد ٹاون ، مرلی کرشنا گوڑ سابق صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد وجئے کمار سابق صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد ، ناما روی کرن ، موتی رام ارکان بلدیہ اور دیگر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT