Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / حکومت کیخلاف صفائی مزدوروں کا زبردست احتجاج

حکومت کیخلاف صفائی مزدوروں کا زبردست احتجاج

بھینسہ میں رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کی قیامگاہ کا گھیراؤ، انصاف کا مطالبہ
بھینسہ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کے جملہ 6 منڈلوں میں موجود تمام گرام پنچایتوں کے مزدوروں کی گزشتہ 26 دنوں سے ریاستی حکومت کے خلاف ہڑتال جاری ہے۔ اس ضمن میں بھینسہ ڈیویژن کے تمام گرام پنچایتوں کے مزدوروں نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی کی قیامگاہ جو بھینسہ منڈل کے موضع دیگاؤں میں موجود ہے کا گھیراؤ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کے خلاف زبردست احتجاج منظم کیا اور احتجاجیوں نے پرزور مطالبہ کیاکہ تلنگانہ حکومت گرام پنچایتوں میں عارضی طور پر عوامی خدمات اور دیہاتوں کی صاف صفائی کرنے والے مزدوروں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے جی او نمبر 11 پر جلد از جلد عمل آوری کرے۔ گرام پنچایتوں میں خدمات انجام دینے والے مزدوروں کو مستقل کرے اور گرام پنچایتوں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تعلیم یافتہ مستحق افراد کو سکریٹری کے عہدوں پر بھرتی کرے۔ علاوہ ازیں حکومت دیگر سرکاری شعبوں کے ملازمین کے طرز پر گرام پنچایتوں کے مزدوروں کی تنخواہوں میں 43 فیصد اضافہ کرتے ہوئے تنخواہوں کو وقت پر ادا کرے اور ای ایس آئی، پی ایف کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ احتجاجیوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت تمام سرکاری ملازمین کو سہولیات اور جدید اسکیمات سے مستفید کرتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب گامزن کررہی ہے لیکن عوامی خدمات انجام دینے والے مزدوروں کو نظراندازکررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ 26 دنوں سے احتجاج اور ہڑتال کرنے کے باوجود حکومت مزدور طبقہ کے مسائل کو غیر سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے نظرانداز کررہی ہے۔ جس کی وجہ سے مزدور طبقہ پریشان ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی اور موضع دیگاؤں کے سرپنچ گوپال ریڈی کو اس ضمن میں یادداشت پیش کی اور کہاکہ مقامی رکن اسمبلی اس ضمن میں تلنگانہ حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے گرام پنچایتوں کے مزدوروں کو انصاف دلائے۔ اس موقع پر ضلعی صدر گرام پنچایت مزدور رام چندر، سائی ناتھ، امبا داس، بھینسہ منڈل گرام پنچایت کے مزدور صدر نارائن اور سی آئی ٹی یو بھینسہ ڈیویژن صدر ایس مہیش بابو کے علاوہ دیگر گرام پنچایت مزدور موجود تھے۔ اس موقع پر بھینسہ رورل سرکل انسپکٹر کے ونود کی نگرانی میں پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات دیکھے گئے۔

TOPPOPULARRECENT