Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے ٹی آر ایس کا جلسہ عام

حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے ٹی آر ایس کا جلسہ عام

کے سی آر کی حکومت سے سماج کا ہر طبقہ ناراض ، سید عظمت اللہ حسینی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی  و انچارج ضلع ورنگل کانگریس امور سید عظمت اللہ حسینی نے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ورنگل میں جلسہ عام کا انعقاد کرتے ہوئے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ ٹی آر ایس کا تین سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔ تلنگانہ میں ہر طرف سرکاری لوٹ کھسوٹ عام ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ کے لیے قربانیاں دینے والوں کو فراموش کردیا گیا ۔ حکومت پر کے سی آر کے ارکان خاندان کا غلبہ ہوگیا ہے ۔ جاریہ سال 400 کسان خود کشی کرچکے ہیں ۔ کسانوں کو مرچی پر اقل ترین قیمت وصول نہیں ہورہی ہے ۔ وہ خود تین مرتبہ ورنگل مارکٹ یارڈ کا دورہ کرچکے ہیں جہاں پر مرچ پر کسانوں کو اقل ترین قیمت وصول نہیں ہورہی ہے ۔ مجبور ہو کر کسان بڑے پیمانے پر مرچ کو نذر آتش کررہے ہیں ۔ کسانوں کی خود کشی اور مرچ کو اقل ترین قیمت وصول نہ ہونے پر کسان پریشان ہیں ۔ چیف منسٹر تماشائی بنے ہوئے ہیں اور وزراء نے خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرنا بھی گوارہ نہیں کیا ۔ جلسہ عام کی تیاری کے لیے سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے اور کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مزدوری کے نام پر رشوت وصول کی جارہی ہے ۔ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ چیف منسٹر نے اپنے سروے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کئی وزراء اور ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں ۔ عوام میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف پائی جانے والی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے ورنگل میں جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے اور ریاست کے مختلف علاقوں سے عوام کو جلسہ گاہ تک پہونچانے کے لیے کروڑہا روپئے پانی کی طرح بہایا جارہا ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ ریاست میں عوام بالخصوص کسان پریشان ہے اور ٹی آر ایس جشن مناتے ہوئے پریشان حال عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔ ورنگل کے میونسپل انتخابات سے قبل چیف منسٹر کے سی آر نے ورنگل کی ترقی کے لیے بلند بانگ دعوے کیے تھے انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم قائم کرنے ، ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے ، آوٹر رنگ روڈ تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر کوئی عمل آوری نہیں کی ۔ اس پر چیف منسٹر پہلے وائیٹ پیپر جاری کریں پھر جلسہ عام سے خطاب کریں ورنہ ٹی آر ایس کا ضلع ورنگل سے زوال شروع ہوگا ۔۔

TOPPOPULARRECENT