حکومت کی کارکردگی سے تلنگانہ میں ٹی آر ایس ناقابل تسخیر

,

   

چیف منسٹر کے سی آر کا دعوی ۔ گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات پر ارکان اسمبلی ‘ کونسل و ایم پیز کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست کے دو گریجویٹ کوٹہ کونسل حلقہ جات انتخابات کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ 6 متحدہ اضلاع کے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ ارکان قانون ساز کونسل کے ساتھ آج پرگتی بھون میں اجلاس طلب کیا اور دو نشستوں پر ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کمربستہ ہوجانے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں متعلقہ اضلاع کی نمائندگی کرنے والے وزراء نے بھی شرکت کی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے اضلاع کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں حکومت کی 6 سالہ کارکردگی سے پارٹی ناقابل تسخیر بن گئی ہے ۔ ریاست میں جو بھی انتخابات ہوئے پارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ باوجود اس کے پارٹی قائدین کو حد سے زیادہ خود اعتمادی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ متحرک و چوکنا رہ کر دونوں گریجویٹ حلقوں ( حیدرآباد ۔ رنگاریڈی ۔ محبوب نگر ) اور ( نلگنڈہ ۔ ورنگل ۔ کھمم ) کیلئے سب سے پہلے 2014 کے بعد گریجویشن کی تکمیل کرنے والے نوجوانوں کے نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں ۔ یکم اکٹوبر سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا آغاز ہوگیا ہے جو 6 نومبر تک جاری رہے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جس طرح تحریک چلائی گئی اس طرح ووٹر لسٹ میں ناموں کو شامل کرانے مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ حلقہ نلگنڈہ ۔ ورنگل اور کھمم ٹی آر ایس کا مضبوط قلعہ جہاں سے ٹی آر ایس کا امیدوار تین مرتبہ کامیاب ہوچکا ہے اور چوتھی مرتبہ بھی ٹی آر ایس کی صد فیصد کامیابی یقینی ہے لیکن اس حلقہ پر صرف کامیابی تک اکتفا کرنا نہیں ہے ۔

جتنی رائے دہی ہورہی ہے اس میں 90 فیصد ووٹ ٹی آر ایس کو ملنا ضروری ہے ۔ دوسرا حلقہ حیدرآباد ۔ رنگاریڈی اور محبوب نگر پر اس مرتبہ ٹی آر ایس کا جھنڈا لہرانا چاہئے اس کیلئے پارٹی قائدین اتحاد کا مظاہرہ کریں اور زیادہ سے زیادہ گریجویٹس کے نام ووٹر لسٹ میں درج کرائیں اور امیدوار کی کامیابی کے لیے کام کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس بھرم میں ہے کہ سرکاری ملازمین و نوجوان طبقہ حکومت سے ناراض ہے ان حلقوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر اپوزیشن کا منہ بند کردیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات کی تشہیر کی جائے ۔ حکومت کے ریونیو ایکٹ سے کسان خوش ہیں جب کہ مرکزی زرعی بل سے ناراض ہیں اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا جائے ۔ جائیدادوں کے دھرانی پورٹل ایپ میں اندراج کیلئے عوام میں شعور بیدار کریں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جی ایچ ایم سی ۔ ورنگل و کھمم کارپوریشن انتخابات پر بھی چیف منسٹر نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہیں ۔ مقامی ادارہ جات کے کونسل کوٹہ نظام آباد اور اسمبلی حلقہ دوباک کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کیا ۔ چیف منسٹر نے متعلقہ 6 اضلاع کے وزراء کو گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات کیلئے خصوصی ذمہ داری قبول کرکے کیڈر کو سرگرم کرنے کی ہدایت دی تمام ارکان اسمبلی ، کونسل اور پارلیمنٹ کو ذمہ دارانہ رول ادا کرنے کا مشورہ دیا ۔