Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے بیانات مسترد

حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے بیانات مسترد

اپوزیشن کو ریاست کے عوام نے مسترد کردیا ۔ ٹی آر ایس قائدین کا رد عمل
حیدرآباد۔/21جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے حکومت کے خلاف کانگریس اور تلگودیشم قائدین کے بیانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام نے اپوزیشن کو مسترد کردیا ہے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی جی بالراجو اور رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹیشورلو نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے مخالف حکومت بیانات کو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرنے والے یہ قائدین پہلے اپنا محاسبہ کریں۔ کانگریس اور تلگودیشم دورِ حکومت میں جس قدر بے قاعدگیاں ہوئیں اس کی مثال کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ ان قائدین نے کہا کہ اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کو کرپشن کے بارے میں کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ وزیر ہاوزنگ کی حیثیت سے اتم کمار ریڈی نے اپنی وزارت میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی تھیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے بھٹی وکرامارکا کو کاغذی شیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اندرا راجو ساگر پراجکٹ میں انہوں نے بھاری رقومات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر اتم کمار ریڈی کی کار سے جو رقم برآمد ہوئی تھی انہوں نے آج تک اس کا حساب پیش نہیں کیا۔ جل یگنم پروگرام کو دھن یگنم میں تبدیل کرنے والے قائدین کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں دیگر قائدین پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ وینکٹیشورلو نے تلگودیشم اور کانگریس پر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیراب کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں اور اس کے تحت مختلف پراجکٹس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتی۔ جی بالراجو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم دراصل کسانوں کے خلاف سازش کررہے ہیں تاکہ پراجکٹس کی عدم تعمیر سے کسانوں کیلئے مشکلات ہوں اور حکومت کی بدنامی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ بالراجو نے کہاکہ ملنا پراجکٹ کے خلاف ریونت ریڈی کی جانب سے بھوک ہڑتال کا اعلان محض ڈرامہ ہے انہیں تو جیل میں بھوک ہڑتال کرنی چاہیئے۔ ریونت ریڈی کا مقام جیل میں ہے جو نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملوث ہیں۔ ان قائدین نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ پراجکٹس کے خلاف اپنی مخالفت کا رویہ ترک کردیں اور عوامی بھلائی کو ترجیح دیں۔

TOPPOPULARRECENT