Sunday , September 24 2017
Home / سیاسیات / حکومت کے خلاف کانگریس کا غلط پروپگنڈہ ‘ وینکیا نائیڈو

حکومت کے خلاف کانگریس کا غلط پروپگنڈہ ‘ وینکیا نائیڈو

گذشتہ تین سال کرپشن سے پاک ۔ حکومت ترقیاتی ایجنڈہ پر سرگرم ‘ مرکزی وزیر کا بیان
بھوبنیشور 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ مودی حکومت کے خلاف تین نکاتی فارمولہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔ وہ رکاوٹ پیدا کر رہی ہے ‘ غلط اطلاعات پھیلا رہی ہے اور حکومت کو بدنام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت محض ترقیاتی ایجنڈہ کے تحت کام کر رہی ہے ۔ نائیڈو نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی یہ ہضم نہیں کر رہی ہے کہ ایک چائے والا ساری دنیا میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے ۔ کانگریس نے پارلیمنٹ اور سرکاری کام کاج میں رکاوٹ کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے ۔ حکومت کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے اور حکومت کو بدنام کیا جا رہا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا صرف ایک ہی ایجنڈہ ہے اور وہ ایجنڈہ ترقی کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت فیصلہ سازی ‘ مہارت اور ترقی پر توجہ کئے ہوئے ہے جبکہ مودی حکومت کے تین سال میں کرپشن کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ہمارے وزیر اعظم پاک صاف امیج والے ہیں اور اسی لئے گذشتہ تین سال میں این ڈی اے حکومت کے خلاف کرپشن کا ایک بھی الزام عائد نہیں کیا جاسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے کے دور اقتدار میں ہر سمت اور زندگی کے ہر شعبہ میں اسکامس اور اسکانڈلس تھے ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے ادعا کیا کہ راہول گاندھی عوام کے ساتھ صرف فوٹو سیشن پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس پارٹی نے گذشتہ 50 سال میں فصلوں کے انشورنس اور زرعی اراضیات کو سیراب کرنے کا منصوبہ کیوں نہیں تیار کیا جبکہ مودی حکومت نے پردھان منتری فصل بیما یوجنا شروع کی اور پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا بھی شروع کردی گئی ہے ۔ یہ سب کام صرف تین سال میں کئے گئے ہیں۔ کسانوں کے زرعی قرضہ جات کی معافی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ریاستی مسئلہ ہے اور اس پر مرکزی حکومت کو کچھ کہنے یا کرنے ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ جب 2014 میں این ڈی اے کو اقتدار حاصل ہوا تھا اس وقت ملک کی معیشت انتہائی ابتر تھی لیکن اب اسے مستحکم کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT