Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کے عوام مخالف اقدامات پر برہمی

حکومت کے عوام مخالف اقدامات پر برہمی

سنگین نتائج کا انتباہ ۔ ماؤیسٹ پارٹی ترجمان جگن کا بیان
حیدرآباد 5 اگست ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کے اقدامات پر ماویسٹ پارٹی پھر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ماویسٹ پارٹی تلنگانہ کے ترجمان جگن نے اپنے بیان میں حکومت کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔ نیرلہ سری سلہ ضلع کے واقعات پر برہم ماویسٹوں نے مقامی عوام کی تحریک کو پھر تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ ریاست بھر میں عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے نیرلہ عوام کی تحریک کو مشعل راہ بنائیں ۔ ماویسٹ ترجمان نے عوام سے کہا کہ وہ ظلم کو برداشت کرکے ظالموں میں شمار نہ ہوں بلکہ اس کا منہ توڑ جواب دیں ۔ پانی اور قدرتی وسائل اور ملازمتوں و تقررات کے وعدہ سے حکومت بنانے والے چندر شیکھر راؤ نے اپنے مقصد کو فراموش کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کریم نگر اور ورنگل میں پہاڑوں کو توڑ کر قدرتی وسائل کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے ریاستی وزیر کے ٹی آر کو مافیا ڈان سے تعبیر کیا اور کہا کہ ریت و گرینائیٹ کی شکل میں کے ٹی آر کروڑہا روپئے لوٹ رہے ہیں اور اگر مافیا کی مخالفت کی جاتی ہے تو انہیں ہلاک کیا جارہا ہے ۔ کسی کو سڑک حادثہ کا شکار بنایا جارہا ہے تو کسی کو جیلوں میں قید کردیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان قدرتی وسائل کے استعمال اور منتقلی کے پیش نظر جاری احتجاج کو پولیس کے ذریعہ کچلا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرینائیٹ چین جیسے ممالک کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کے سی آر اور کی ٹی آر کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور کہا کہ وہ اپنے انجام کیلئے تیار رہیں جیسا کہ مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا حکمرانوں کا سابق میں ہوا ہے ۔ جگن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نیرلہ عوام کی تائید کریں ۔ نیرلہ عوام کو تیقن دیا کہ انصاف حاصل ہونے اورخاطیوں کو سزا ملنے تک ماویسٹوں کی مدد نیرلہ کی عوام کو جاری رہیگی ۔

TOPPOPULARRECENT