Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر کانگریس اور بی جے پی کو تنقید کا حق نہیں

حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر کانگریس اور بی جے پی کو تنقید کا حق نہیں

دونوں پارٹیاں عوامی تائید کے حق سے محروم ، حکومت پر تنقید کا شاخسانہ ، سرینواس گوڑ کا ردعمل
حیدرآباد۔26 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی اور بی جے پی قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر تنقیدوں کا سہارا لیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کو حکومت پر تنقید کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ کیوں کہ جس وقت وہ اقتدار میں تھے انہوں نے اپنے آبائی گائوں کو ترقی تک نہیں دی تھی۔ ایسی شخصیت آج کس طرح حکومت پر تنقید کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار میں رہ کر جئے پال ریڈی نے تلنگانہ کے حق میں ایک لفظ بھی نہیں کہا تھا۔ لیکن آج ان کی جانب سے حکومت پر تنقید بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی عوامی تائید سے محروم ہوچکی ہے۔ اس کے پاس حکومت پر تنقید کے لیے کوئی مسائل نہیں ہیں کیوں کہ ہر شعبہ میں عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر کانگریس غیر ضروری واویلا کررہی ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے کسانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست میں دوبارہ برسر اقتدار آنے کانگریس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ کانگریس پارٹی اپنی تنہا شناخت سے محرومی کے خوف سے تلگودیشم سے مفاہمت کی کوشاں ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی ٹی آر ایس کا نقصان نہیں کرسکتے۔ سرینواس گوڑ نے بی جے پی قائدین پر دلتوں اور پسماندہ طبقات سے جھوٹی ہمدردی کا الزام عائد کیا اور کہا اب جبکہ انتخابات قریب آرہے ہیں، بی جے پی سیاسی مقصد براری کے لیے ہمدردی کا اظہار کررہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ اگر اسے پسماندہ طبقات سے محبت ہے تو مرکز میں بہبودیٔ پسماندہ طبقات کی وزارت قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کو حکومت میں جو مقام حاصل ہے وہ بنڈارو دتاتریہ کو حاصل نہیں۔ شاید اس لیے کہ دتاتریہ کا تعلق پسماند طبقات سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور بی سی طبقات سے ہمدردی سے قبل بی جے پی کو ملک میں دلتوں پر جاری مظالم کو روکنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ سرنواس گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے کئی پروگرام شروع کیئے ہیں۔ غریبوں کی بھلائی کے لیے شروع کی گئی اسکیمات ملک بھر میں مثالی ہیں اور دیگر ریاستیں اس کی نقل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں چیف منسٹر نے سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT